وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری کا این سی سی آئی اے ہیڈکوارٹر و پارلیمنٹ لاجز کا دورہ

15

اسلام آباد، 4  اپریل ( اے پی پی): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری کے ہمراہ این سی سی آئی اے ہیڈکوارٹر کے لیے مختص عمارت اور پارلیمنٹ لاجز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔

وزیر داخلہ نے این سی سی آئی اے کے لیے مختص عمارت کی اپ گریڈیشن کا پلان طلب کرتے ہوئے ہدایت دی کہ ادارے کی بڑھتی ضروریات کے پیش نظر عمارت میں نئے فلور کا اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں سائبر کرائم کے مؤثر سدباب کے لیے این سی سی آئی اے کو فعال کردار ادا کرنا ہوگا اور ہیڈکوارٹر کو جدید آئی ٹی انفراسٹرکچر اور ڈیجیٹل سہولیات سے لیس کیا جائے گا۔

‎دورے کے دوران وزیر داخلہ نے پارلیمنٹ لاجز کے زیر تعمیر نئے بلاک اور پرانے بلاک کا بھی معائنہ کیا اور نئے بلاک کی تعمیر تین ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ حکام کے مطابق نیا بلاک 104 یونٹس پر مشتمل ہوگا، جس کی تکمیل سے پارلیمنٹرینز کو بہتر رہائشی سہولیات میسر آئیں گی۔

‎محسن نقوی نے کہا کہ نئے بلاک میں مسجد، جم، سوئمنگ پول اور کافی شاپ سمیت تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی، جبکہ سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے سی سی ٹی وی کیمروں اور چاردیواری پر بھی کام شروع کیا جائے۔ انہوں نے پرانے بلاک کی بحالی کے لیے بھی قابل عمل پلان پیش کرنے کی ہدایت کی۔دورے کے موقع پر ڈی جی این سی سی آئی اے، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔