وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کی زیر صدارت اہم اجلاس

12

اسلام آباد، 01اپریل (اے پی پی ):  وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام  کی زیر صدارت دیامر بھاشا ڈیم کے متاثرین کے مسائل اور معاہدے پر عملدرآمد کے حوالے سے ایک اہم اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا۔

وفاقی وزیر انجینئرامیر مقام نے معاہدے پر من و عن عمل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی-  انہوں نے کہا کہ دیامر بھاشا ڈیم ایک قومی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے اور اس کی تکمیل کے لیے ہم سب کو ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے گلگت بلتستان حکومت اور واپڈا کو ہدایت کی کہ اصل متاثرین کو معاوضہ پہنچانا  ان کی ذمہ داری ہے۔

وفاقی وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت متاثرین کے مسائل کے حل کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کرے گی۔

اجلاس میں چیف سیکریٹری گلگت بلتستان ارشد مجید، ایڈیشنل چیف سیکریٹری گلگت بلتستان، چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد سعید سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

 اس کے علاوہ سیکریٹری کشمیر امور، گلگت بلتستان و سیفران ظفر حسن اور ایڈیشنل سیکریٹری کامران الرحمان خان بھی اجلاس میں موجود تھے۔