وفاقی وزیر سید عمران احمد شاہ کا انمول کینسر ہسپتال لاہور کا دورہ، مریضوں کے لیے فلاحی اقدامات کا جائزہ

17

لاہور، 01اپریل (اے پی پی ): لاہور میں وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ نے اٹامک انرجی کینسر ہسپتال (انمول) کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاکستان بیت المال کے تحت سرطان کے مریضوں کے لیے جاری فلاحی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

دورے کے دوران حکام نے وفاقی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے پاکستان بیت المال کی جانب سے مریضوں کے علاج کے لیے فراہم کی جانے والی مالی معاونت کے بارے میں آگاہ کیا۔

وفاقی وزیر کو ہسپتال کے مختلف شعبوں اور سہولیات سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا، جبکہ پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن کے ممبر سائنس اور ڈائریکٹر انمول نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

اس موقع پر سید عمران احمد شاہ نے کہا کہ غربت کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور یہ محض نعرہ نہیں بلکہ ایک عملی مشن ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مستحق مریضوں کو پاکستان بیت المال کے ذریعے بروقت مالی معاونت کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان بیت المال کے تحت فراہم کی جانے والی مالی امداد زکوٰۃ یا خیرات نہیں بلکہ ایک باقاعدہ اینڈومینٹ فنڈ کے تحت دی جاتی ہے، جس کا مقصد مستحق افراد کی باعزت معاونت کو یقینی بنانا ہے۔