اسلام آباد،17 اپریل ( اے پی پی): وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے یورپی یونین کے سفیر ریمونڈس کاروبلس نے ملاقات کی ہے جس میں دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران بتایا گیا کہ پاکستان-یورپی یونین بزنس فورم 28 اور 29 اپریل 2026 کو اسلام آباد کے سرینا ہوٹل میں منعقد ہوگا، جس میں 300 سے زائد یورپی کمپنیوں کی شرکت متوقع ہے۔ فورم کے دوران پاکستانی اور یورپی کمپنیوں کے درمیان سینکڑوں بزنس ٹو بزنس ملاقاتیں بھی ہوں گی۔
وفاقی وزیر تجارت نے کہا کہ یہ فورم پاکستان کا مثبت اور کاروبار دوست تشخص اجاگر کرے گا، جبکہ حکومت اس کی کامیابی کیلئے مکمل سہولت فراہم کرے گی۔ انہوں نے اس فورم کو مستقل پلیٹ فارم بنانے پر بھی غور کرنے کا عندیہ دیا۔
یورپی حکام نے پاکستان کی برآمدی کارکردگی میں جی ایس پی پلس کے کردار کا اعتراف کرتے ہوئے اسے برآمدات کیلئے اہم ستون قرار دیا۔
جام کمال خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان جی ایس پی پلس کے تحت تمام تقاضے پورے کرنے کیلئے پرعزم ہے۔
ملاقات میں ٹیرف اصلاحات اور درآمدی پالیسی میں بہتری کے ذریعے برآمدات بڑھانے پر زور دیا گیا، جبکہ سرمایہ کاروں کے اعتماد کیلئے شفاف اور مستحکم پالیسیوں کی اہمیت پر بھی اتفاق کیا گیا۔
دونوں فریقین نے پاکستان، یورپی یونین اور خلیجی ممالک کے درمیان سہ فریقی سرمایہ کاری مواقع پر غور کرنے اور نجی شعبے کے روابط اور ادارہ جاتی تعاون کو مزید فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا۔











