ہری پور: انجینئر امیر مقام کا گیس پائپ پھٹنے کے المناک واقعے کے مقام کا دورہ

13

ہری پور، 17 اپریل ( اے پی پی): وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور صدر مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے ہری پور میں حطار انڈسٹریل اسٹیٹ کے قریب گیس پائپ پھٹنے کے المناک واقعے کے مقام کا دورہ کیا اور جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے مالی امداد کا اعلان کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے ہر جاں بحق فرد کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کو 5 لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے گا۔دورے کے دوران وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے متاثرہ حصے کا تفصیلی معائنہ کیا  اور ریسکیو سرگرمیوں میں حصہ لینے والے عملے سے بریفنگ لی۔

 بعد ازاں انہوں نے جاں بحق افراد کے گھروں پر جا کر اہل خانہ سے ملاقات کی، ان سے اظہارِ تعزیت کیا اور فاتحہ خوانی کی۔

انہوں نے جاں بحق افراد کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔

اس موقع پر رکن قومی اسمبلی بابر نواز خان اور دیگر عمائدین بھی موجود تھے۔

 انجینئر امیر مقام نے واقعے پر گہرے  دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔وفاقی وزیر نے اس افسوسناک واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ حادثے کی وجوہات کا تعین کر کے جلد رپورٹ پیش کی جائے تاکہ ذمہ داران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

انہوں نے ریسکیو آپریشن کے دوران پولیس اہلکار کی تشدد کے واقعے کی بھی مذمت کی اور کہا کہ اس حوالے سے آئی جی سے بات ہو چکی ہے اور  سخت کارروائی کی جائے گی۔