پاکستان رابطہ کاری اور مذاکراتی عمل میں سہولت کاری کا کردار ادا کرتا رہے گا،  نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار

17

اسلام آباد،12اپریل  (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ  پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان رابطہ کاری اور مذاکراتی عمل میں سہولت کاری کا کردار ادا کرتا رہے گا۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار اتوار کو یہاں امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات سے متعلق میڈیا بریفنگ میں کیا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کی درخواست پر امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور ایران کی پارلیمنٹ کے سپیکر قادر قالیباف کی قیادت میں دونوں ممالک کے وفود پاکستان آئےاور مذاکرات میں حصہ لیا،وزیر اعظم محمد شہباز شریف  کی درخواست پر مثبت رد عمل دینے، جنگ بندی کی درخواست اور اسلام آباد آنے کی دعوت قبول کرنے پر دونوں ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان چوبیس گھنٹے جاری رہنے والے مذاکرات آج صبح مکمل ہوئے،دونوں فریقین کے درمیان جامع اور تعمیری مذاکرات کے متعدد ادوار ہوئے، میں نے اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مذاکراتی عمل میں معاونت کی،فریقین کی طرف سے پاکستان کے مثبت کردار کے اعتراف پر شکر گزارہیں۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک خطے اور دنیا میں پائیدار امن اور خوشحالی کے لیے مثبت سوچ سے آگے بڑھیں گے جبکہ یہ ضروری ہے کہ دونوں ممالک جنگ بندی جاری رکھنے کے عزم پر قائم رہیں-