راولپنڈی، 30 اپریل (اے پی پی):ہنگور کلاس کی پہلی آبدوز پی این ایس/ایم ہنگور کی کمیشننگ تقریب چین کے شہر سانیا میں منعقد ہوئی۔ صدر مملکت آصف علی زرداری تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف بھی تقریب میں موجود تھے۔
تقریب میں صدر آصف علی زرداری نے ہنگور کی کمیشننگ کو پاک بحریہ کی جدیدکاری میں ایک تاریخی سنگ میل قرار دیا اور پاکستان کے مضبوط، متوازن اور قابلِ بھروسہ دفاعی پوزیشن برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری کے دفاع، بحری مفادات کے تحفظ اور اپنی اقتصادی شہ رگوں کی سلامتی یقینی بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ اہم بحری چوک پوائنٹس پر خلل عالمی تجارت اور توانائی کی سلامتی کے لیے بڑھتا ہوا خطرہ ہے، اور مستحکم، قواعد پر مبنی بحری نظام برقرار رکھنے کے لیے تکنیکی طور پر جدید بحریہ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ہتھیاروں، ایڈوانسڈ سینسرز اور ایئر انڈیپینڈنٹ پروپلشن سے لیس ہنگور کلاس آبدوزیں خطے میں بحری نظم و ضبط اور استحکام کے تحفظ میں کلیدی کردار ادا کریں گی۔ یہ آبدوزیں جارحیت کو روکنے اور بحیرہ عرب و وسیع بحر ہند میں اہم سمندری راستوں کی سلامتی یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کریں گی۔
نیول چیف نے کہا کہ “ہنگور” کا نام ہماری قومی تاریخ میں اہم مقام رکھتا ہے۔ 1971 میں پہلی ہنگور دوسری جنگ عظیم کے بعد جنگی جہاز ڈبونے والی پہلی آبدوز بنی تھی۔ پی این ایس/ایم ہنگور اس شاندار ورثے کو آگے بڑھائے گی۔ یہ پاک بحریہ کے لیے اہم سنگ میل ہے جو ہماری بحری دفاع کو مضبوط اور بیڑے کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرے گا۔
ہنگور کلاس کی پہلی آبدوز کی کمیشننگ پاکستان اور چین کے درمیان آزمودہ اور بھرپور دوستی کا ایک اور باب ہے۔ تقریب میں پاک بحریہ اور پی ایل اے نیوی کے سینئر حکام نے شرکت کی۔
وزیراعظم پاکستان اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے پوری قوم اور پاک بحریہ کو اس تاریخی سنگ میل پر مبارکباد دی ہے۔











