کراچی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون سے پہلی بار زمینی راستے کے ذریعے کرغزستان کو برآمدی کھیپ روانہ

7

کراچی /اسلام آباد،30 اپریل (اے پی پی ):  پاکستان کی برآمدات کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت کے طور پر کراچی ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز اتھارٹی نے پہلی مرتبہ زمینی راستے کے ذریعے کرغزستان کو مصنوعات کی کھیپ روانہ کر دی۔

چیئرمین ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز اتھارٹی کے مطابق یہ اقدام ملک کی برآمدات میں اضافے اور وسطی ایشیائی منڈیوں تک رسائی کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے، جبکہ اس حوالے سے کوششیں مسلسل جاری ہیں۔انہوں نے بتایا کہ معاونِ خصوصی ہارون اختر خان کی ہدایات پر برآمدات کے فروغ کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں، جن کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔

اعلامیے کے مطابق برآمدات کی مجموعی مالیت قابلِ ذکر رہی اور بڑی تعداد میں پیکجز روانہ کیے گئے۔برآمد کی جانے والی مصنوعات میں ہربل آئلز، ہربل ٹی، مہندی، کریمز اور صابن شامل ہیں، جو زمینی راستے کے ذریعے کرغزستان روانہ کیے گئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف برآمدی حجم میں اضافہ ہوگا بلکہ پاکستان کی مصنوعات کو نئی بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی بھی حاصل ہوگی۔