لاہور01اپریل(اے پی پی) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کا 134واں بورڈ اجلاس منعقدہوا۔پیسک ہاؤس میں منعقدہ اجلاس میں 12نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔صنعت کاری کے عمل کو تیز کرنے، سمال انڈسٹریل اسٹیٹس کی سو فیصد کالونائزیشن اور پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کی کارکردگی بڑھانے کیلئے متعدد اہم فیصلے کئے گئے۔ بورڈ نے پیسک اسٹیٹ ڈویلپمنٹ،مینجمنٹ اور ناقابل انتقال پراپرٹی رولز 2026 کی منظوری دی،ان مجوزہ رولز کی حتمی منظوری پنجاب کابینہ سے لی جائے گی۔
پیسک بورڈ اجلاس میں سمال انڈسٹریل اسٹیٹس خانیوال،میاں چنوں اور ساہیوال کے بورڈز آف مینجمنٹ کی تشکیل کی منظوری دی گئی۔اوکاڑہ،ٹوبہ ٹیک سنگھ،ساہیوال،حافظ آباد اور پاکپتن میں نئی سمال انڈسٹریل اسٹیٹس کے قیام کے لئے نیڈ ایسیسمنٹ اسٹڈی کی منظوری دی گئی۔ پنجاب کی 23 سمال انڈسٹریل اسٹیٹس کی اپ گریڈیشن کا لائحہ عمل بھی منظور کیاگیا۔
اس سکیم کے تحت 7. 2 ارب روپے کی لاگت سے سمال انڈسٹریل اسٹیٹس میں عدم دستیاب سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔بورڈ اجلاس میں قائد آباد سمال انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کیلئے سول ورکس شروع کرنے کی غرض سے کنٹریکٹر کی ہائرنگ کی بھی منظوری دی گئی۔سمال انڈسٹریل اسٹیٹ 2 اور ایکسپورٹ پروسیسنگ زون سیالکوٹ میں کینسل پلاٹوں کا معاملہ سیالکوٹ چیمبر کے ساتھ مل کر حل کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔
بورڈ نے انڈسٹریل اسٹیٹس کے ریگولیشنز کو بہتر کرنے کیلئے پیسک بائی لاز میں بعض ترامیم کی منظوری دی۔پیسک بورڈ نے ادارے کے بعض انتظامی اور مالیاتی امور کی بھی منظوری دی۔دستکاری کے فن کی ترویج کیلئے ہینڈی کرافٹس شاپس کی اپ گریڈیشن کرنے اور لاہور میں مناسب جگہ پر ہینڈی کرافٹس بازار کے قیام کا بھی فیصلہ کیاگیا۔پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے ہیڈ آفس میں ایونیو ایشن اور مانیٹرنگ یونٹ کے قیام کا فیصلہ کیاگیا۔
تمام سمال انڈسٹریل اسٹیٹس کا ٹوپو گرافک سروے کرانے کا بھی فیصلہ کیاگیا۔ اجلاس کے دوران مختلف سمال انڈسٹریل اسٹیٹس میں کینسل پلاٹوں کے حوالے سے قائم کی گئی کمیٹی کی رپورٹ کا بھی جائزہ لیا گیا۔ کینسل پلاٹوں کی بحالی کے حوالے سے مختلف آپشنز کا جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سمال انڈسٹریل اسٹیٹس کے حوالے سے رولز کی منظوری مستحسن اقدام ہے جس سے بننے والی سمال انڈسٹریل اسٹیٹس کو قانونی تحفظ ملے گا،پنجاب کی 23 سمال انڈسٹریل اسٹیٹس کی اپ گریڈیشن کا بڑا پروگرام جلد شروع کیا جارہا ہے،اس سکیم کے تحت 2.7 ارب روپے کی لاگت سے سمال انڈسٹریل اسٹیٹس میں عدم دستیاب صنعتی سہولیات کو یقینی بنایا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے اس پروگرام پر عملدرآمد کے حوالے سے مؤثر مانیٹرنگ کی ہدایت کی۔
چوہدری شافع حسین نے کہاکہ دستکاری کے فن کی ترویج اور دستکاروں کی حوصلہ افزائی کیلئے 2 نئی سکیمیں شروع کی جارہی ہیں،ان سکیموں کے تحت دستکاروں کو 5لاکھ روپے تک کا بلاسود قرض ملے گا۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے ہدایت کی کہ انڈسٹریل اسٹیٹس میں تحفظ ماحولیات کے اقدامات کے حوالے سے عالمی بنک کے تعاون کے حصول کا جائزہ لیا جائے۔
پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے ریجنل ڈائریکٹرز باقاعدگی سے انڈسٹریل اسٹیٹس کے دورے کریں اور مقامی چیمبرز سے رابطے میں رہیں۔انڈسٹریل اسٹیٹس میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بورڈز آف مینجمنٹ سے مشاورت کی جائے۔
منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن مبین الٰہی نے ایجنڈا آئٹمز کے حوالے سے بریفنگ دی۔ جبکہ سیکرٹری انڈسٹریز عمر مسعود،پیسک کے ڈائریکٹرز اور بورڈ ممبران نے اجلاس میں شرکت کی۔











