دینی طلباء کو ہنر مند بنائیں گے،ڈاکٹر احسان بھٹہ

13

لاہور 01اپریل ( اے پی پی ) سیکرٹری چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا ہے کہ محکمہ اوقاف کے زیرِ انتظام دینی مدارس کے طلبہ کو ہنر مند اور خود کفیل بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور مدارس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے ہنر مندی کے مراکز کا اضافہ کیا جائے گا تاکہ طلبہ باعزت روزگار حاصل کر سکیں۔

 انہوں نے کہا کہ طلبہ کو ٹیوٹا کے اشتراک سے مختلف شعبوں میں جدید فنی تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ اپنی عملی زندگی باوقار انداز میں گزار سکیں اور معاشرے میں مثبت کردار ادا کریں۔ انہوں نے یہ باتیں جامعہ ہجویریہ اور میان میر کمپلیکس کے تفصیلی دورے کے موقع پر کہیں، جہاں انہوں نے تعلیمی، انتظامی اور بنیادی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران انہوں نے۔

حضرت میاں میرؒ  کے مزار پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور ملک کی ترقی، امن اور استحکام کے لیے دعا کی۔ حضرت میان میرؒ برصغیر کے جلیل القدر صوفی بزرگ تھے جو محبت، رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کے پیغام کے لیے معروف ہیں۔ آپؒ کو امرتسر میں گولڈن ٹیمپل کی بنیاد رکھنے کا اعزاز بھی حاصل ہے، جو آپ کے پیغامِ امن و اخوت کی روشن مثال ہے۔

اس موقع پر انہوں نے سابق چیف سیکرٹری عبد اللہ سمبل کی قبر پر بھی فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اخوت کی جانب سے خالی کی گئی جگہ کو تعمیری انداز میں استعمال کرتے ہوئے طلبہ کے لیے فنی تعلیم اور ہنر مندی کے مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ مستقبل میں خود کفیل بن سکیں۔ قبل ازیں، ڈاکٹر احسان بھٹہ نے میاں میرؒ  کمپلیکس کی تمام منزلوں کا معائنہ کیا اور چھتوں کی صفائی اور 4 اپریل سے قبل عمارت کی سفیدی مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے پرنسپل آفس، اسٹاف روم اور کمپیوٹر لیب سمیت تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی پر بھی زور دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدام دینی تعلیم اور عملی مہارتوں کے درمیان موجود خلا کو کم کرے گا اور طلبہ کے لیے بہتر اور باوقار مستقبل کی راہیں ہموار کرے گا۔