چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے رومانیہ کے سفیر ڈاکٹر ڈین اسٹوئنسکو کی ملاقات

14

اسلام آباد،3 اپریل( اے پی پی ):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے پاکستان میں رومانیہ کے سفیر ڈاکٹر ڈین اسٹوئنسکو نے جمعہ کو یہاں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور رومانیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مختلف شعبوں میں مزید مضبوط بنانے پر تفصیلی اور خوشگوار تبادلہ خیال کیا گیا۔

چیئرمین سینیٹ نے سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان کے قومی ترانے کی ریکارڈنگ اور کورل اسکور، جو رومانیہ کے معروف میڈریگل–مارین کانسٹنٹن کوائر کی جانب سے پیش کیا گیا، موصول ہونے پر مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے اسے ایک منفرد ثقافتی اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں ممالک کے درمیان عوامی سطح پر روابط اور ثقافتی تبادلوں کے فروغ کا مظہر ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے مئی 2025 کے صدارتی انتخابات کے بعد قائم ہونے والی رومانیہ کی نئی حکومت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان، رومانیہ کو مشرقی یورپ اور بحیرہ اسود کے خطے میں ایک اہم ملک سمجھتا ہے، جو علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے پاکستان اور رومانیہ کے دیرینہ تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ موجودہ معاہدے اور مفاہمتی یادداشتیں (MoUs) سیاسی، اقتصادی اور دفاعی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرتی ہیں۔ انہوں نے یورپی یونین کی سطح پر پاکستان کے مفادات کے حوالے سے رومانیہ کے مثبت کردار کو بھی سراہا۔

سیاسی روابط کے فروغ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے سید یوسف رضا گیلانی نے دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان روابط بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے پارلیمانی سفارتکاری کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے بتایا کہ سینیٹ اور قومی اسمبلی  میں رومانیہ کے لیے پارلیمانی فرینڈشپ گروپ قائم کیا جا چکے ہیں، اور دونوں ممالک کے پارلیمانی گروپس کے درمیان آن لائن رابطے کی تجویز بھی پیش کی۔

چیئرمین سینیٹ نے پاکستان کے امن کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں مثبت اور تعمیری کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان نہ صرف خطے بلکہ دنیا بھر میں امن کا خواہاں ہے، اور جنگ مسائل کا حل نہیں بلکہ مذاکرات اور مکالمہ ہی پائیدار امن کا ذریعہ ہیں۔

ملاقات کے اختتام پر دونوں جانب سے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان اور رومانیہ کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مسلسل مکالمے، باہمی تعاون اور عوامی روابط کو فروغ دیا جائے گا۔

ملاقات کے دوران چیئرمین سینیٹ کی مشیر و سفیر برائے بین الپارلیمانی سپیکر کانفرنس مصباح کھر بھی موجود تھیں۔