اسلام آباد ،90اپریل (اے پی پی): چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف کی زیر صدارت سی ڈی اے بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ممبر ایڈمن، ممبر اسٹیٹ، ممبر انوائرمنٹ، ممبر، فنانس و پلاننگ، ممبر انجینئرنگ اور پروفیسر ڈاکٹر محمد علی وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی سی ڈی اے بورڈ نے شرکت کی۔سی ڈی اے بورڈ کے اجلاس میں متعدد ایجنڈا آئٹمز زیر بحث لائے گئے۔سی ڈی اے بورڈ کے اجلاس میں جائیداد کی منتقلی پر سی ڈی اے کی جانب سے وصول کی جانے والی ٹرانسفر فیس میں کمی کے حوالے سے بھی اہم فیصلہ کیا گیا۔
سی ڈی اے بورڈ کے اجلاس میں موجودہ ٹرانسفر فیس کو 3 فیصد سے کم کردیا گیا۔اس فیصلے سے اسلام آباد شہر میں سرمایہ کاری کو فروغ حاصل ہوگا۔اس اقدام سے ہاؤسنگ و رئیل اسٹیٹ کے شعبہ میں نمایاں بہتری آئےگی،اس فیس کی کمی سے خرید و فروخت کرنے والے شہریوں کو بھی براہ راست فائدہ اور ریلیف ملے گا۔
چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے کہا کہ اسلام آباد میں پراپرٹی ٹیکس میں اضافے کی بجائے ٹیکس بیس کو وسیع کیا جائے۔
سی ڈی اے بورڈ کے اجلاس میں اسلام آباد کو ثقافتی و سیاحتی حب بنانے کیلئے کریٹیو کنسلٹنٹ (سٹی کیوریٹر) کی خدمات حاصل کرنے کیلئے کنٹریکٹ ایوارڈ کرنے کی منظوری دی گئی۔
اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ کریٹیو کنسلٹنٹ کی خدمات کے حصول کیلئے پروکیورمنٹ کے عمل اور قانونی تقاضوں کو پورا کیا گیا۔چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے کہا کہ یہ قدم وفاقی دارالحکومت کو ثقافتی و سیاحتی شعبوں میں بہتری کیلئے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ کریٹیو کنسلٹنٹس کی خدمات کے حصول سے شہر کے پارکس اور گرین بیلٹس کی لینڈ سکیپنگ اور خوبصورتی میں نمایاں اضافہ ہوگا۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو ایک جدید، پرکشش اور زندہ دل شہر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔
چیئرمین سی ڈی اےنے کہا کہ اجلاس میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کیلئے سالڈ ویسٹ منیجمنٹ (پیکج ون اور ٹو) کو آؤٹ سورس کرنے کے عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں گریوینس ریڈریسل کمیٹی اور پروکیورمنٹ کمیٹی کی سفارشات پر جاری پروکیورمنٹ عمل کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اسلام آباد میں دیگر شہروں کے کامیاب ماڈلز کا جائزہ لینے اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے آؤٹ سورسنگ کے عمل کو دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔سہیل اشرف نے ہدایت کی کہ دیگر شہروں کے بہترین ماڈلز کا جائزہ لیکر فوری، پائیدار اور مؤثر نظام اپنایا جائے گا۔











