وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت سکیورٹی و انتظامی امور پر اجلاس منعقد

19

اسلام آباد ،10 اپریل ( اے پی پی): اسلام آباد  میں امریکہ ایران مذاکرات کے لیے غیر ملکی وفود کی آمد کے پیش نظر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت سکیورٹی و دیگر انتظامات سے متعلق خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں تیاریوں اور سکیورٹی پلان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

وزیر داخلہ نے غیر ملکی مہمانوں کے لیے بہترین انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جنگ بندی کے بعد امریکہ ایران مذاکرات کا اسلام آباد میں انعقاد پاکستان کے لیے ایک اعزاز ہے۔ انہوں نے آنے والے وفود کی مہمان نوازی اور سکیورٹی کے لیے ہر ممکن اقدامات یقینی بنانے پر زور دیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ریڈ زون کو مکمل سیل کیا جائے گا اور صرف متعلقہ افراد کو داخلے کی اجازت ہوگی، جبکہ اس ضمن میں وزارت داخلہ میں کنٹرول روم بھی قائم کر دیا گیا ہے۔

اجلاس میں وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری، وفاقی سیکرٹری داخلہ، چیف کمشنر، آئی جی اسلام آباد پولیس، کمشنر راولپنڈی، ڈی جی ایف آئی اے، ڈی سی اسلام آباد، رینجرز، فیڈرل کانسٹیبلری اور وزارت خارجہ کے نمائندوں نے شرکت کی۔