ملتان، 01مارچ (اے پی پی): کمشنر عامر کریم خاں کی زیر صدارت ڈویژنل ماحولیاتی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ماحولیاتی کیسز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اہم فیصلے کیے گئے۔
کمشنر عامر کریم خاں نے بتایا کہ رواں سال ڈویژنل ماحولیاتی کمیٹی کے اجلاسوں کو باقاعدہ فیچر بنایا گیا، جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر 5 اجلاسوں میں 304 کیسز پر فیصلے مکمل کیے گئے اور طویل عرصے سے زیر التواء کیسز کا مکمل خاتمہ کر دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ مینول طریقہ کار کے تحت موصول ہونے والے تمام کیسز کو نمٹا دیا گیا ہے اور زیرو پینڈنسی حاصل کر لی گئی ہے۔ آئندہ تمام درخواستیں صرف ای-بز سسٹم کے ذریعے وصول اور پراسیس کی جائیں گی تاکہ شفافیت اور تیزی کو یقینی بنایا جا سکے۔
آخری اجلاس میں مینول کیسز کے حوالے سے 13 کیسز منظور، 7 موخر (ڈیفر) جبکہ 14 کیسز مسترد کیے گئے۔ کمشنر نے واضح کیا کہ مکمل کوائف کے حامل کیسز کو منظور کیا گیا جبکہ نامکمل دستاویزات والے کیسز کو مسترد کر دیا گیا۔
انہوں نے ہدایت کی کہ بغیر ضروری کوائف جمع کرائے تعمیرات کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور ایسی پراپرٹیز کو سربمہر کیا جائے۔
پولٹری کیسز کے حوالے سے کمشنر نے ہدایت جاری کی کہ درخواستوں میں مرغیوں کی تعداد اور رقبہ واضح طور پر درج کرنا لازمی ہوگا۔ مزید برآں، پولٹری شیڈز کے کیسز میں آپریشنل ہونے سے قبل رقبہ اور مرغیوں کی تعداد کی باقاعدہ تصدیق بھی کی جائے گی تاکہ کنسٹرکشن اور آپریشن کے ڈیٹا میں ہم آہنگی برقرار رہے۔
اجلاس میں بغیر جانچ پڑتال کے کیسز جمع کروانے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر لودھراں کو اظہار وجوہ نوٹس جاری کرنے کے احکامات بھی دیے گئے۔
کمشنر عامر کریم خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ماحولیاتی قوانین پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا اور کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔











