ڈیری سیکٹر کی اصلاح غذائی تحفظ اور معاشی ترقی کے لیے ناگزیر ہے، رانا تنویر حسین

11

اسلام آباد، 8 اپریل 2026 (اے پی پی) : وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ ڈیری سیکٹر قومی معیشت کا اہم ستون ہے اور اس شعبے کی جدید خطوط پر اصلاحات غذائی قلت کے خاتمے، انسانی وسائل کی ترقی اور معاشی استحکام کے لیے ناگزیر ہیں۔

وہ منگل کو پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن کے وفد کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ڈیری سیکٹر کی موجودہ صورتحال، دودھ کے معیار کی بہتری اور شعبے کی پائیدار ترقی کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کو سنگین غذائی چیلنجز کا سامنا ہے اور تقریباً 40 فیصد بچے نشوونما کی کمی (اسٹنٹنگ) کا شکار ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جہاں دودھ کا فی کس یومیہ اوسط استعمال تقریباً 0.63 لیٹر ہے، تاہم مارکیٹ میں دستیاب دودھ کا بڑا حصہ معیاری نہیں، جو عوامی صحت کے لیے خطرہ ہے۔

رانا تنویر حسین نے کہا کہ ڈیری سیکٹر زرعی پیداوار اور مجموعی قومی پیداوار میں نمایاں حصہ ڈالتا ہے اور دیہی علاقوں میں لاکھوں خاندانوں کے روزگار کا ذریعہ ہے، اس شعبے میں وسیع استعداد موجود ہے جسے مناسب اصلاحات سے بروئے کار لایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ محفوظ اور غذائیت سے بھرپور دودھ تک رسائی بچوں میں نشوونما کی کمی کم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ وفاقی وزیر نے نشاندہی کی کہ دودھ کی پیداوار کا بڑا حصہ غیر رسمی نظام میں ہونے کی وجہ سے معیار، پیداواریت اور ویلیو ایڈیشن متاثر ہوتے ہیں، اس لیے شعبے کی باضابطہ تشکیل، جدید ڈیری طریقہ کار اور مویشیوں کے بہتر انتظام کی ضرورت ہے۔

رانا تنویر حسین نے ڈیری ویلیو چین کو مضبوط بنانے کے لیے کولڈ اسٹوریج، پراسیسنگ سہولیات اور مؤثر سپلائی نظام کی بہتری پر زور دیا اور اسلام آباد سمیت شہری مراکز میں “سیف ملک سٹی” جیسے اقدامات کو اہم قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کے فروغ، کاروباری لاگت میں کمی اور متوازن ٹیکس نظام سے باضابطہ شعبے کو فروغ ملے گا، نظام میں شفافیت آئے گی اور عوام کو مناسب قیمت پر محفوظ دودھ کی فراہمی ممکن ہوگی۔

پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن کے وفد نے شعبے کو درپیش چیلنجز سے آگاہ کیا اور کارکردگی، پیداوار اور ریگولیٹری نظام کی بہتری کے لیے تجاویز پیش کیں۔ وفاقی وزیر نے ایسوسی ایشن کے کردار کو سراہا اور پالیسی سازی میں باہمی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

اجلاس کے اختتام پر رانا تنویر حسین نے کہا کہ حکومت اور نجی شعبے کے مؤثر تعاون سے ڈیری سیکٹر کی مکمل صلاحیت کو بروئے کار لا کر صحت مند اور خوشحال پاکستان کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔