327واں عالمی وساکھی میلہ، سکھ یاتریوں کی ننکانہ صاحب میں مقدس گوردواروں کی یاترا، گوردوارہ سری کیارہ صاحب کی بحالی منصوبے کا سنگِ بنیاد

23

لاہور، 11 اپریل(اے پی پی):327ویں عالمی وساکھی میلے 2026 کے دوسرے روز بھارت سمیت دنیا بھر سے آئے سکھ یاتریوں نے ننکانہ صاحب میں مختلف مقدس گوردواروں کی یاترا کی اور مذہبی رسومات ادا کیں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے گوردوارہ سری کیارہ صاحب کی بحالی و تزئینِ نو کے منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھ دیا۔ تقریب میں ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز متروکہ وقف املاک بورڈ ناصر مشتاق سمیت دنیا بھر سے آئے سکھ یاتریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سکھ یاتریوں نے گوردوارہ جنم استھان، گوردوارہ سری کیارہ صاحب، تمبو صاحب، بالیاں صاحب، پٹی صاحب اور مالجی صاحب کی زیارت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ گوردوارہ سری کیارہ صاحب میں 40 کمروں پر مشتمل جدید رہائشی کمپلیکس تعمیر کیا جائے گا تاکہ یاتریوں کو مزید بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ سکھ یاتری پاکستان کو امن اور محبت کا گہوارہ قرار دے رہے ہیں اور پاکستان سکھوں کا اصل گھر اور بین المذاہب ہم آہنگی کا علمبردار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یاتریوں کا پرتپاک استقبال دنیا کو محبت اور رواداری کا واضح پیغام دے رہا ہے۔ رمیش سنگھ اروڑہ نے بتایا کہ سمجھوتہ ایکسپریس پر پاکستان کی جانب سے کوئی پابندی نہیں جبکہ 50 سے زائد گوردواروں کی بحالی اور افتتاح کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2238 سکھ یاتری بھارت سے پاکستان پہنچے جبکہ حکومت پاکستان نے 2800 ویزے جاری کیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان نے سکھ یاتریوں کیلئے فول پروف سکیورٹی، بہترین سفری اور طبی سہولیات فراہم کی ہیں جبکہ گوردوارہ جنم استھان میں رہائش، فری فیلڈ ہسپتال اور دیگر سہولیات کے بہترین انتظامات مکمل ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے 8 ہزار سے زائد ملکی و غیر ملکی یاتریوں کیلئے قیام و طعام کے شاندار انتظامات کیے گئے ہیں۔ متروکہ وقف املاک بورڈ، پردھان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی اور حکومت پاکستان یاتریوں کی خدمت اور گوردواروں کی بحالی کیلئے بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ سکھ یاتریوں نے انتظامات پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے مثبت اور پرامن ماحول کو سراہا۔