اسلام آباد،04 مئی (اے پی پی): آئی ایس پی آر نے “پہلگام فالس فلیگ ایکسپوزڈ” ریلیز، پاکستان کی اسٹریٹیجک فتح اور بھارت کی عالمی رسوائی اجاگر ڈاکومنٹری جاری کر دی ہے ، جس میں پہلگام فالس فلیگ آپریشن کو بھارت کی تاریخی رسوائی کا پیش خیمہ قرار دیا گیا ہے۔
ڈاکومنٹری کے مطابق اپنی سیکورٹی کی ناکامی چھپانے کے لیے پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگا کر جنگی جنون کو ہوا دینے والے بھارت کو منہ کی کھانی پڑی۔ حق پر ڈٹے پاکستان نے بھارت کے دانت کھٹے کر دیے، جبکہ قومی و عسکری قیادت نے عزم و جرات سے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پوری قوم مسلح افواج کے ساتھ مل کر سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن گئی۔ آپریشن بنیان مرصوص نے مودی کے سندور کو تندور میں جھونک دیا، اور رافیل و ایس 400 کا گھمنڈ ایسا خاک میں ملا کہ بھارت کو پوری دنیا میں ذلت و رسوائی کا سامنا کرنا پڑا۔
ڈاکومنٹری میں قرآنی آیت “وَتُعِزُّ مَن تَشَاءُ وَتُذِلُّ مَن تَشَاءُ” کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ بے شک خدائے حق جسے چاہتا ہے عزت دیتا ہے اور جسے چاہتا ہے ذلیل کرتا ہے۔ اختتام پر “پاکستان ہمیشہ زندہ باد” کا نعرہ لگایا گیا۔











