اسلام آباد، 13مئی(اے پی پی):پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر، خضر فرہادوف نے وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق ملک سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں جانب سے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، جاری تعاون، اور باہمی مفاد پر مبنی مشترکہ منصوبوں کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ آذربائیجان پاکستان کے اہم ترین اسٹریٹجک شراکت داروں میں سے ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات باہمی اعتماد، مشترکہ اقدار اور علاقائی روابط پر مبنی ہیں۔
آذربائیجان کے سفیر نے وفاقی وزیر کو آئندہ ورلڈ اربن فورم کے حوالے سے بریفنگ دی اور باکو کے متوقع دورے کے دوران ڈاکٹر مصدق ملک کی آذربائیجان کے وزرائے توانائی اور ماحولیات سے ممکنہ ملاقاتوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران سفیر خضر فرہادوف نے پاکستان، ترکیہ اور وسطی ایشیائی ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون اور ترقی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان ممالک کے درمیان مضبوط اتحاد اور مشترکہ منصوبے علاقائی اقتصادی ترقی اور مشترکہ خوشحالی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
دونوں جانب سے پاکستان اور آذربائیجان کے عوام کے درمیان بڑھتے ہوئے روابط پر بھی گفتگو کی گئی اور سفر کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر دونوں ممالک کے درمیان پروازوں کی تعداد میں اضافے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ گزشتہ سال تقریباً ایک لاکھ بیس ہزار پاکستانی شہریوں کو آذربائیجان کے ای ویزا اور آسان ویزا جاری کیے گئے، جن میں سے تقریباً نوے ہزار پاکستانیوں نے آذربائیجان کا دورہ کیا۔ملاقات میں سیاحت کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے مواقع پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سفیر خضر فرہادوف نے کہا کہ پاکستان اپنے متنوع قدرتی مناظر، ساحلوں، پہاڑوں اور قدرتی حسن کے باعث سیاحت کے بے پناہ امکانات رکھتا ہے۔
ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان آذربائیجان کے سیاحت کے شعبے کی ترقی کے تجربے سے استفادہ کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت اور اس سے منسلک صنعتوں کا فروغ پاکستانی نوجوانوں کے لیے لاکھوں روزگار کے مواقع پیدا کر سکتا ہے۔











