ارکان پنجاب اسمبلی کی مریم اورنگزیب سے ملاقات، وزیراعلیٰ کے ترقیاتی اقدامات کو خراجِ تحسین

7

لاہور، 2 مئی (اے پی پی): پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ارکان پنجاب اسمبلی نے سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب سے ملاقات کی، جس میں صوبے کے مختلف اضلاع میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران ارکان اسمبلی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بلا تفریق ہر ضلع اور ڈویژن کی ترقی کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ستھرا پنجاب‘‘ پروگرام خطے اور دنیا میں مثال بن چکا ہے جبکہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کی تکمیل سے شہری اور دیہی علاقوں میں عوام کا معیارِ زندگی مزید بہتر ہوگا۔ ارکان نے وزیراعلیٰ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسلسل محنت اور ریکارڈ ترقیاتی کاموں سے انہوں نے عوام کے دل جیت لیے ہیں۔ انہوں نے صوبے میں جرائم کے خاتمے، ماحولیاتی بہتری، اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے کیے گئے اقدامات کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔ اس موقع پر ارکان اسمبلی نے الیکٹرو بسوں، سیوریج نظام کی بہتری، صاف پانی، مثالی گاؤں اور گرین بس جیسے منصوبوں کو عوامی سہولت میں اہم پیش رفت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلی بار سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر ہر علاقے میں مساوی بنیادوں پر ترقیاتی کام ہو رہے ہیں۔ ارکان نے صحت اور تعلیم کے نظام میں اصلاحات کو بڑی عوامی خدمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ 30 ہزار کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر بھی ایک بڑا کارنامہ ہے، جس سے صوبے میں ترقی کا نیا دور شروع ہوا ہے۔