اسلام آباد میں خواتین کے لیے پہلی خصوصی مارکیٹ قائم، ڈیجیٹل ادائیگیوں کا جدید نظام متعارف

22

اسلام آباد 15 مئی(اے پی پی):  اسلام آباد کے پوش علاقے جی الیون میں خواتین کی معاشی خودمختاری کے فروغ کے لیے ایک شاندار اور منفرد خصوصی مارکیٹ قائم کی گئی ہے جس کا اہتمام اسلام آباد ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی صدر ثمینہ فاضل اور ان کی ٹیم نے مشترکہ طور پر کیا۔

مارکیٹ  کا مقصد گھروں میں ہنر رکھنے والی خواتین کو ایک باوقار پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے جہاں وہ اپنی صلاحیتوں کو کاروباری شکل دے کر نہ صرف اپنی آمدن میں اضافہ کر سکیں بلکہ معاشرے میں ایک مضبوط معاشی کردار بھی ادا کر سکیں۔اس موقع پر درجنوں خواتین نے اپنے ہاتھوں سے تیار کردہ ملبوسات، خوبصورت دستکاری، گھریلو مصنوعات، اور روایتی و جدید کھانوں کے اسٹالز لگائے، جنہوں نے آنے والے مہمانوں کی توجہ حاصل کی۔ شرکاء نے خواتین کے تیار کردہ مصنوعات کو بھرپور سراہا اور خریداری میں بھی دلچسپی دکھائی جس سے بازار میں ایک خوشگوار اور کاروباری ماحول دیکھنے کو ملا۔

تقریب میں  رکن قومی اسمبلی فرخ ناز اکبر نے خصوصی شرکت کی اور  مختلف اسٹالز کا دورہ کیا۔اس موقع پر  ثمینہ فاضل نے کہا کہ خواتین کسی بھی معاشرے کی ترقی کی بنیاد ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ویمن چیمبر کا مشن یہی ہے کہ خواتین کو معاشی طور پر مضبوط بنایا جائےانہیں اپنے ہنر کے ذریعے آمدن کے مواقع دیے جائیں اور وہ بااعتماد طریقے سے کاروباری دنیا میں آگے بڑھ سکیں۔

ایم این اے فرخ اکبر نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت اور متعلقہ اداروں کو چاہیے کہ خواتین کے لیے کاروباری مواقع مزید بڑھائیں تاکہ وہ ملکی معیشت میں فعال کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے اس اقدام کو خواتین کی ترقی کی جانب ایک مثبت اور عملی قدم قرار دیا۔

تقریب کے اختتام پر شرکاء نے اسے ایک مؤثر، حوصلہ افزا اور قابلِ تقلید اقدام قرار دیا ۔