لاہور، 15 مئی (اے پی پی):عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہریوں کی سہولت کیلئے لاہور میں عارضی مویشی منڈیاں قائم کر دی گئی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے ایل ڈی اے سٹی کاہنہ کچھہ روڈ پر قائم عارضی مویشی منڈی کا دورہ کیا اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ڈی سی لاہور نے پنجاب کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے کیے گئے انتظامات پر بریفنگ لی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ صفائی ستھرائی، شامیانوں، میڈیکل کیمپس، پارکنگ، واٹر پمپس اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی سمیت تمام بنیادی سہولیات مکمل کر لی گئی ہیں جبکہ مویشیوں کیلئے چارے اور پانی کے بھی مناسب انتظامات موجود ہیں۔ کپتان (ر) محمد علی اعجاز نے منڈی میں موجود بیوپاریوں سے گفتگو کی جنہوں نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں اور بیوپاریوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں اور میڈیکل کیمپس میں ادویات اور طبی عملے کی ہر وقت موجودگی یقینی بنائی جائے۔
ڈی سی لاہور نے پارکنگ ایریا میں مناسب روشنی، سائن بورڈز اور شہریوں کی رہنمائی کیلئے انفارمیشن ڈیسک قائم کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ مویشی منڈیوں کی خود مانیٹرنگ کر رہی ہے اور صفائی و پانی کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارکنگ اور ٹریفک مینجمنٹ کے نظام کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ کپتان (ر) محمد علی اعجاز نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عیدالاضحیٰ کے دوران شہریوں اور بیوپاریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔











