اسلام آباد، 20 مئی(اے پی پی ):اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے چینی پارلیمانی وفد کا ایوان میں پرتپاک استقبال کیا، جس پر حکومتی اور اپوزیشن بنچوں کی جانب سے میزیں بجائی گئیں۔
اسپیکر نے کہا کہ چینی پارلیمانی وفد کا دورہ پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کی تقریبات کے ساتھ موافق ہے۔ انہوں نے وفد کے سربراہ تسائی دافنگ کو تعلیم اور عوامی خدمات میں نمایاں خدمات کے باعث معروف ماہر تعلیم قرار دیا۔
اسپیکر نے اپنے خطاب میں کہا کہ چین کے ساتھ ہماری دوستی دنیا کے لیے مثال بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دوستی اعتماد، ثابت قدم حمایت اور ایک دوسرے کی خودمختاری و بنیادی مفادات کے مکمل احترام پر قائم ہے۔
انُ کا کہنا تھا کہ پاک چین دوستی وقت اور حالات کی کسوٹی پر پوری اتری ہے اور کبھی متزل نہیں ہوئی۔
چینی پارلیمانی وفد نے قومی اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی دیکھی، جس کے دوران قومی اسمبلی نے متفقہ طور پر قرارداد منظور کی جس کا عنوان تھا “اسلامی جمہوریہ پاکستان اور عوامی جمہوریہ چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کی یاد میں”۔ اس قرارداد نے پاکستان اور چین کے درمیان آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کے فروغ کے عزم کو دہرایا اور مختلف شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔ ایوان نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا اور اسے سماجی و اقتصادی ترقی، علاقائی رابطہ کاری، صنعتی ترقی اور خطے کی مشترکہ خوشحالی کے لیے ایک انقلابی منصوبہ قرار دیا۔ قرارداد میں پارلیمانی سفارت کاری، باہمی احترام اور عوامی روابط کے کردار کو بھی سراہا گیا اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ آنے والے 75 سال پاکستان اور چین کے درمیان مزید مضبوط، متحرک اور باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری کے حامل ہوں گے۔











