اسلام آباد،11 مئی)اے پی پی): اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی صدارت میں ہاؤس بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں قومی اسمبلی کے 27ویں اجلاس کے ایجنڈے اور دورانیے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ کمیٹی نے موجودہ اجلاس کو 22 مئی 2026، بروز جمعہ تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔اجلاس کے دوران رکن قومی اسمبلی اعجاز جاکھرانی کے مرحوم بیٹے کے لیے مغفرت کی دعا کی گئی۔ کمیٹی نے یہ بھی طے کیا کہ قومی اسمبلی اجلاس میں پیش کی جانے والی رپورٹس ممبران کو آن لائن فراہم کی جائیں گی۔
اسپیکر ایاز صادق نے کہا کہ پارلیمنٹ میں پیپر لیس ورکنگ سے قومی خزانے پر بوجھ کم ہوگا۔بریفنگ کے مطابق موجودہ اجلاس میں وقفہ سوالات، اہم قانون سازی اور قومی اہمیت کے حامل مسائل زیر بحث لائے جائیں گے۔
اجلاس میں ڈپٹی اسپیکر سید غلام مصطفیٰ شاہ، وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ اور وزیر سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسن مگسی نے شرکت کی۔ اراکین قومی اسمبلی اعجاز حسین جاکھرانی، محمد اعجاز الحق، گل اصغر خان، سید امین الحق، محترمہ نزہت صادق، سیدہ شہلا رضا اور سید حفیظ الدین بھی موجود تھے۔











