لاہور، 11 مئی (اے پی پی): سینئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب اور وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کی زیر صدارت ریلوے روٹس کی اپ گریڈیشن سے متعلق اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں پنجاب کی 8 اہم ریلوے لائنوں اور روٹس کی بہتری اور جدید خطوط پر استوار کرنے کے منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں لاہور سے راولپنڈی فاسٹ ٹرین پراجیکٹ پر جاری پیش رفت کا بھی خصوصی معائنہ کیا گیا۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق دنیا کے بہترین ریلوے ماڈلز کا مطالعہ کرنے کے بعد ریلوے روٹس کی اپ گریڈیشن کی جا رہی ہے تاکہ پنجاب بھر کو جدید اور موثر ریلوے نظام کے ذریعے آپس میں منسلک کیا جا سکے۔ منصوبے کے تحت 1600 کلومیٹر طویل ریلوے ٹریکس کو جدید بنایا جائے گا۔
بریفنگ کے مطابق شاہدرہ تا نارووال، نارووال تا سیالکوٹ، لالہ موسیٰ، ملکوال اور سرگودھا روٹس کی اپ گریڈیشن منصوبے کا حصہ ہیں، جبکہ فیصل آباد تا چک جھمرہ، شاہین آباد، شورکوٹ اور جھنگ روٹس کی بہتری بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ شیخوپورہ، جڑانوالہ، شورکوٹ، رائیونڈ، پاکپتن، لودھراں، کوٹ ادو اور ڈیرہ غازی خان کے ریلوے روٹس بھی اپ گریڈ کیے جائیں گے۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ منصوبے سے 8 کروڑ سے زائد شہری مستفید ہوں گے اور ریلوے روٹس کی جدید اپ گریڈیشن سے عوام کو محفوظ، معیاری اور تیز رفتار سفری سہولیات میسر آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کی روشنی میں ان روٹس پر برجز، ٹیلی کمیونیکیشن سسٹم، اسٹیشن بلڈنگز، سمال مشینری اور کراس برجز کی مکمل ری پلیسمنٹ اور اینڈ ٹو اینڈ اپ گریڈیشن کی جائے گی۔
اجلاس میں سب اربن ریلوے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ ریلوے اپ گریڈیشن پراجیکٹ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا وژن ہے اور وزیراعلیٰ کی واضح ہدایات ہیں کہ منصوبوں پر کام بروقت مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو جلد جدید سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔











