باکو میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی مصروفیات کا آغاز، آذربائیجان کے قومی رہنماؤں اور شہداء کو خراجِ عقیدت

7

لاہور، 17 مئی (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں اپنی سرکاری مصروفیات کا آغاز کرتے ہوئے آذربائیجان کے بابائے قوم حیدر علی کے مزار پر حاضری دی۔ وزیراعلیٰ نے مزار پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کرتے ہوئے عظیم آذربائیجانی رہنما کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف بعد ازاں باکو میں واقع یادگارِ شہداء “کوچہ شہداء” پہنچیں جہاں انہوں نے آذربائیجان کے قومی شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ وزیراعلیٰ نے یادگار پر پھول رکھے اور شہداء کی تصاویر کے سامنے عقیدت کا اظہار کیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب اور وفد کے دیگر ارکان نے آذربائیجان کے قومی ہیروز اور شہداء کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے دونوں برادر ممالک کے درمیان دوستی اور باہمی احترام کے جذبے کو اجاگر کیا۔

آذربائیجان میں پاکستان کے سفارتی تعلقات کی نمائندگی کرتے ہوئے خصر فرہادوف اور وفد کے دیگر ارکان بھی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے ہمراہ موجود تھے۔