وفاقی وزیر سردار محمد یوسف حج انتظامات کا جائزہ لینے سعودی عرب پہنچ گئے

10

مکہ مکرمہ، 17 مئی ( اے پی پی): وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر حج انتظامات کا جائزہ لینے سعودی عرب پہنچ گئے۔ وزیر مذہبی امور نے مکہ مکرمہ کے علاقے عزیزیہ میں قائم پاکستان حج مشن کے دفتر کا دورہ کیا جہاں ڈی جی حج عبدالوہاب سومرو اور دیگر اعلیٰ افسران نے انہیں حج انتظامات پر بریفنگ دی۔

سردار محمد یوسف نے کہا کہ وزیراعظم کے ویژن کے مطابق عازمین حج کی سہولت اور آسائش کا ہر ممکن خیال رکھا جائے جبکہ شکایات کے ازالہ کے نظام میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے سعودی حکومت کے انتظامات کو مثالی اور لائق تحسین قرار دیتے ہوئے ہدایت کی کہ عازمین حج کی میزبانی میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے۔

‎سیکرٹری مذہبی امور ابرار احمد مرزا نے بریفنگ میں بتایا کہ حج انتظامات کے پلاننگ فیز کو مزید مربوط بنایا جا رہا ہے۔ ڈی جی حج عبدالوہاب سومرو کے مطابق پاکستان اس وقت تقریباً ایک لاکھ 19 ہزار سرکاری عازمین حج کی میزبانی کر رہا ہے جبکہ سعودی حکومت نے مشاعر کے ایام میں ہیلپ لائن 1966 بھی متعارف کروائی ہے۔

‎ڈائریکٹر مکہ عارف راؤ نے بتایا کہ ایام حج کے انتظامات کے لیے طوافہ کمپنیوں اور سعودی حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مکہ مکرمہ کے علاقوں عزیزیہ، حئی نسیم اور بطحا قریش میں 273 رہائشی عمارات حاصل کی گئی ہیں۔

‎فوڈ کوآرڈینیٹر کے مطابق امسال کھانے کی شکایات ایک فیصد سے بھی کم رہی ہیں۔ ٹرانسپورٹ کوآرڈینیٹر نے بتایا کہ رش کو کنٹرول کرنے کے لیے ہر نماز سے 30 منٹ پہلے سعودی شٹل سروس بند کی جاتی ہے جبکہ مکہ مکرمہ میں حرم ٹرانسپورٹ کے لیے 450 بسیں فراہم کی گئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بڑھتے رش اور چیکنگ کے باعث ٹریفک کا دباؤ زیادہ ہے۔

‎ڈائریکٹر حج مدینہ زاہد سہیل نے بریفنگ میں بتایا کہ مدینہ منورہ میں تمام عازمین حج کو ریاض الجنہ کی زیارت مکمل کروائی جا چکی ہے جبکہ تاریخ میں پہلی بار ایک لاکھ 19 ہزار عازمین حج کی بڑی تعداد کو مرکزیہ میں رہائش فراہم کی گئی ہے۔