مکہ مکرمہ ،21 مئی(اے پی پی) جدہ میں گرینڈ حج سمپوزیم کا انعقاد ہوا جس میں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے اعلیٰ سطح کے وفد کے ساتھ شرکت کی۔ سمپوزیم میں سیکرٹری مذہبی امور ابرار احمد مرزا، ڈی جی حج عبدالوہاب سومرو بھی شریک ہوئے۔
گرینڈ حج سمپوزیم میں دنیا بھر سے وزرائے مذہبی امور اور حج مشنز کے سربراہان نے شرکت کی۔
سمپوزیم سے خطاب کرتے ہوۓ سعودی وزیرِ حج نے کہا کہ حجاج کرام کو بہترین سہولیات کی فراہمی سعودی حکومت کی اولین ترجیح ہے، مقاماتِ مقدسہ میں عازمین کو موسم کی شدت سے بچانے کے لیے بہترین انتظامات کیے ہیں۔
حج سمپوزیم میں مقاماتِ مقدسہ کے اندر حجاج کی نقل و حرکت کے لیے ڈیجیٹل تبدیلیوں کا جائزہ لیا گیا۔
سعودی وزارتِ داخلہ، صحت اور وزارتِ حج کے حکام نے شرکاء کو اہم بریفنگ دی، عالمی حج دفاتر کے ساتھ ہم آہنگی بڑھانے اور قربانی کے گوشت کی تقسیم کے جدید ماڈل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔











