جہلم: معرکہ حق کی سالگرہ پر اکرم شہید پارک میں شاندار تقریب منعقد

13

جہلم، 9 مئی ( اے پی پی):شہیدوں اور غازیوں کی سرزمین جہلم کے اکرم شہید پارک میں معرکہ حق کی سالگرہ کے موقع پر عظیم الشان تقریب منعقد ہوئی جس میں عوام نے افواج پاکستان کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

وزیر مملکت خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معرکہ حق بھارتی جھوٹ پر پاکستان کی سچائی کی فتح کا تاریخ ساز واقعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق پیغام ہے کہ بھارت جب پاکستان کو آزمائے گا، ہمیشہ منہ توڑ جواب پائے گا

بلال اظہر کیانی نے وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، ائیر چیف ظہیر بابر اور ایڈمرل نوید اشرف سمیت افواجِ پاکستان کو سلام پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے فضا، زمین، سمندر اور سائیبر سپیس میں بھارت کو عبرتناک شکست دی۔

وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان نے میدانِ جنگ کے ساتھ سفارت کاری، میڈیا اور بیانیے کی جنگ میں بھی بھارت کو شکست فاش دی۔ پاکستانی شہریوں نے اتحاد اور پاکستانی میڈیا نے ذمہ دارانہ کردار ادا کر کے تاریخی کردار ادا کیا۔ دنیا نے اعتراف کیا کہ پاکستان نے نہ صرف جنگ جیتی ہے بلکہ اس کا موقف حق پر مبنی تھا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کو نہ صرف میدان جنگ بلکہ ہر عالمی فورم سے بھی بھاگنے پر مجبور کر دیا۔ آج دنیا میں پاکستان کی عزت اور وقار معرکہ حق کی فتح اور سفارت کا نتیجہ ہے۔

بلال اظہر کیانی نے کہا کہ قوم اپنے عظیم شہدا، اُن کے والدین، اہل خانہ اور غازیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔تقریب کے دوران افواجِ پاکستان زندہ باد اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے پنڈال گونجتا رہا۔ تقریب کے اختتام پر آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔