راولپنڈی،10مئی (اے پی پی):معرکہ حق کی تاریخی فتح اور ’’آپریشن بنیان مرصوص‘‘ کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ٹریبیوٹ کنسرٹ منعقد ہوا جس میں پاک فوج کی قربانیوں، قومی یکجہتی اور عوامی عزم کو بھرپور انداز میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔
تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا جس کے بعد شاندار آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا۔ رنگ برنگی روشنیوں اور قومی پرچموں سے سجے اسٹیڈیم میں ملی نغموں پر شرکا نے بھرپور جوش و خروش کا اظہار کیا۔
ہارٹیکلچر ایجنسی کی جانب سے اسٹیڈیم کو خوبصورت انداز میں سجایا گیا تھا جبکہ فول پروف سیکیورٹی، ٹریفک، پارکنگ اور صفائی کے خصوصی انتظامات بھی کیے گئے تھے۔ معروف گلوکار فرحان سعید اور مصطفیٰ زاہد کی پرفارمنس نے تقریب کو چار چاند لگا دیئے اور شرکاء نے ملی نغموں پر پاک افواج کے حق میں بھرپور نعرے بازی کی۔ تقریب کے دوران ملک کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔ اس موقع پر وفاقی پارلیمانی سیکرٹری بیرسٹر دانیال چوہدری، ڈپٹی کمشنر حسن وقار چیمہ، ایم این اے ملک ابرار سمیت دیگر اہم سیاسی و سماجی شخصیات بھی موجود تھیں۔
بیرسٹر دانیال چوہدری نے خطاب کرتے ہوئے معرکہ حق کی فتح کو قوم کے عزم، اتحاد اور افواج پاکستان کی قربانیوں کی علامت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم ہمیشہ اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی اور دشمن کی ہر جارحیت کا مؤثر جواب دیا جائے گا۔ تقریب رات گئے تک جاری رہی جبکہ شہریوں نے ایونٹ کو بھرپور انداز میں سراہتے ہوئے افواج پاکستان کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔تقریب میں سیاسی و سماجی شخصیات، نوجوانوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔











