مکہ مکرمہ، 27 مئی (اے پی پی): مناسک حج کے تیسرے دن حجاج کرام نے وقوف مزدلفہ مکمل کر لیا جبکہ لاکھوں عازمین 10 ذی الحج کی رمی کے لیے جمرات کی جانب روانہ ہو گئے۔
حجاج کرام آج بڑے شیطان کو 7 کنکریاں مار کر رمی کا دوسرا واجب ادا کریں گے۔ سرکاری حجاج کرام کے لیے قربانی کا وقت شام 6 بجے مقرر کیا گیا ہے۔قربانی کی ادائیگی کے بعد حجاج کرام حلق یا قصر کروا کر احرام کھول دیں گے جبکہ حج کا تیسرا فرض طواف زیارت آج یا آئندہ دو دنوں میں مکمل کیا جائے گا۔
حجاج کرام آج اور کل منیٰ میں قیام کریں گے اور زوال کے بعد تینوں شیطانوں کی رمی کریں گے۔ بیشتر حجاج کرام 12 ذی الحج کی رمی مکمل کرنے کے بعد مکہ مکرمہ میں اپنی رہائش گاہوں کو واپس آ جائیں گے جبکہ بعض مکاتب کے حجاج 13 ذی الحجہ کی اختیاری رمی کے بعد منیٰ سے روانہ ہوں گے۔
پاکستان کے لیے حج پروازوں کے ذریعے واپسی کا سلسلہ 31 مئی سے شروع ہو گا۔ حجاج کرام وطن واپسی سے قبل آخری واجب طواف وداع بھی ادا کریں گے۔











