اسلام آباد، 27 مئی ( اے پی پی): وفاقی دارالحکومت میں عیدالاضحیٰ کے پہلے روز قربانیوں کے ساتھ صفائی مہم بھی تیزی سے جاری رہی، جبکہ ضلعی انتظامیہ کے افسران فیلڈ میں متحرک رہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق کنٹرول روم 1334 کے ذریعے شہریوں کی شکایات کی لائیو مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ اب تک 260 شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 250 پر فوری کارروائی مکمل کر لی گئی ہے جبکہ 10 پر کام جاری ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آلائشوں کی بروقت منتقلی اور ٹھکانے لگانے کا عمل رئیل ٹائم بنیادوں پر مانیٹر کیا جا رہا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنرز نے ڈمپنگ پوائنٹس اور اجتماعی قربانی کے مقامات کا دورہ بھی کیا۔
کھلے عام آلائشیں پھینکنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں جبکہ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ شکایات کے لیے 1334 پر رابطہ کریں۔











