اسلام آباد، 12 مئی (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔
وزیراعظم نے اسلام آباد سمیت ملک بھر میں صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا جدید اور پائیدار نظام متعارف کرانے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے سالڈ ویسٹ سے بجلی پیدا کرنے کیلئے جامع روڈ میپ تیار کرنے کا فیصلہ کیا اور اس سلسلے میں ایک جامع لائحہ عمل تجویز کرنے کیلئے ٹاسک فورس بنانے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ٹاسک فورس جدید ٹیکنالوجی اور عالمی تجربات کی روشنی میں سفارشات مرتب کرے گی۔
وزیراعظم نے مجوزہ ٹاسک فورس میں نجی شعبے اور بین الاقوامی شہرت کے ماہرین کی شمولیت یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سالڈ ویسٹ سے توانائی پیدا کرنے سے درآمدی ایندھن پر انحصار کم ہوگا اور قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے بہتر نظام سے کاربن فٹ پرنٹ میں بھی خاطر خواہ کمی ممکن ہوگی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پائیدار ترقی کیلئے توانائی کے ماحول دوست قابل تجدید ذرائع استعمال میں لانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزراء ڈاکٹر احسن اقبال، علی پرویز ملک، اویس احمد خان لغاری، وزیراعظم کے مشیران رانا ثناء اللہ اور محمد علی کے ساتھ ساتھ متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔











