اسلام آباد 20 مئی (اے پی): وزیراعظم پاکستان کے مشیر برائے سیاحت سردار یاسر الیاس خان نے وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں پاکستان میں سیاحت کے فروغ اور ریلوے کے ذریعے سیاحتی مقامات تک رسائی بہتر بنانے پر گفتگو ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان ریلوے کے تاریخی ورثے، قدیم ریلوے اسٹیشنز اور ہیریٹیج مقامات کو سیاحت کے فروغ کے لیے مؤثر انداز میں استعمال کرنے پر اتفاق کیا۔
گفتگو میں گولڑہ سے چلنے والی سفاری ٹرین سمیت ہیریٹیج اور سیاحتی ٹرین سروسز کے کردار کو سراہا گیا۔ سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ پاکستان ریلوے کا تاریخی ورثہ ملکی سیاحت کے لیے ایک قیمتی اثاثہ ہے۔وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے ریلوے ہیریٹیج کو محفوظ بنانے اور اسے سیاحتی سرگرمیوں سے منسلک کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ ملاقات میں مذہبی، تاریخی اور شمالی علاقہ جات کے سیاحتی روٹس کو مزید فعال بنانے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
دونوں رہنماؤں نے سیاحوں کے لیے خصوصی ٹرین پیکجز اور جدید سفری سہولیات متعارف کرانے کی ضرورت پر زور دیا۔











