سیالکوٹ،21مئی(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی نے بھارت کی جانب سے دریائے چناب پر واقع سلال ڈیم میں 21 مئی سے 30 مئی 2026 تک ممکنہ ہنگامی سلٹ فلشنگ کے پیش نظر اہم ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔اطلاعات کے مطابق بھارت کی جانب سے سلال ڈیم کے سپل وے گیٹس کھولے جانے سے دریائے چناب میں پانی کی سطح 2 سے 3 میٹر تک بڑھ سکتی ہے، جس کے باعث مرالہ بیراج اور ملحقہ علاقوں، بالخصوص بجوات میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ دریاؤں اور نہروں کے قریب غیر ضروری جانے سے گریز کریں اور حفاظتی تدابیر پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔ مزید برآں، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی کنٹرول روم کو فعال کر دیا گیا ہے۔ شہری مزید معلومات اور رہنمائی کیلئے0529250011 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ محکموں کو 24 گھنٹے نگرانی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے دریائے چناب کے کناروں پر عوامی نقل و حرکت محدود رکھنے اور جانوروں کو دریا کے بیڈ میں نہ لے جانے کی سفارش کی ہے۔ ایڈوائزری میں بیراج گیٹس، ٹیلی میٹری سسٹم اور فلڈ سیفٹی انتظامات مکمل فعال رکھنے، نہری نظام اور پانی کے بہاؤ کی مسلسل نگرانی کرنے جبکہ ممکنہ سیلابی صورتحال پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ پیرا فورس کو بھی نگرانی کے فرائض سونپ دیے گئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے پی ڈی ایم اے، محکمہ موسمیات اور دیگر ضلعی اداروں کے مابین رابطہ مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کسی بھی غیر معمولی صورتحال، پانی میں اچانک اضافے یا مٹیالے بہاؤ کی فوری رپورٹنگ کا حکم دیا ہے۔











