صدر آصف علی زرداری کی پاکستان اور چین کے اداروں کے درمیان دو مفاہمتی یادداشتوں ، معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت

9

اسلام آباد،1مئی  (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستانی اور چینی اداروں کے درمیان ایک جوائنٹ وینچر معاہدے اور دو مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی، یہ معاہدے تعمیراتی مشینری، حیوانات کی صحت اور طبی ٹیکنالوجی کے شعبوں کا احاطہ کرتے ہیں، ان سرگرمیوں کا مقصد اہم شعبوں میں عملی تعاون کو فروغ دینا ہے۔

الحسن ٹریڈ اسٹیبلشمنٹ، سانی انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ اور ہینان جیا لونگ انٹرنیشنل ٹیکنالوجی کے درمیان اعلیٰ معیار کے آلات، مینوفیکچرنگ اور تعمیراتی مشینری کے شعبوں میں تعاون کےلئے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ یہ سہ فریقی تعاون پاک ۔چین اقتصادی راہداری (سی پیک) سے متعلق کاموں کی معاونت، مکمل تعمیراتی مشینری اور آلات کی فراہمی میں تعاون کے فروغ، پیشہ ورانہ تربیتی نظام کی ترقی اور بعد از فروخت آپریشن و مینٹیننس خدمات کی فراہمی پر مرکوز ہے۔

فریقین پاکستان میں فیکٹریوں کے قیام کےلئے سرمایہ کاری کے مواقع کا بھی جائزہ لیں گے اور تعمیراتی مشینری کی مقامی سطح پر پیداوار کو فروغ دیں گے۔ مفاہمتی یادداشت پر سینیٹر سلیم مانڈوی والا، سانی گروپ کے نائب صدر لی چِن اور ہینان جیالونگ انٹرنیشنل ٹریڈ کمپنی کے چیئرمین ہائو جیا لونگ نے دستخط کئے۔

حکومتِ سندھ کے محکمہ لائیو سٹاک اینڈ فشریز اور چین کے لوویانگ ماڈرن بایولوجی گروپ کے درمیان پاکستان میں حیوانی ویکسینز بشمول منہ  کھر کی بیماری کی ویکسین کی فراہمی اور تقسیم کےلئے ایک مشترکہ منصوبے کا معاہدہ طے پایا۔ معاہدے میں ٹیکنالوجی کے تبادلے اور پاکستان میں جانوروں کےلئے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم متعارف کرانے کے حوالے سے مستقبل میں تعاون کی بھی شق شامل ہے۔ معاہدے پر سندھ کے سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن اور لوویانگ ماڈرن بایولوجی گروپ کے چیئرمین وانگ شانپو نے دستخط کئے۔

ایک اور مفاہمتی یادداشت ڈاکٹر ضیاءالدین ہسپتال اور شینزن وی بانگ ٹیکنالوجی کے درمیان طبی ٹیکنالوجی کے شعبے میں ”پروڈکٹ۔ سروس۔ سلوشن“ پر مبنی تعاون کے ماڈل کی تشکیل کےلئے طے پائی۔ یہ مفاہمت کلینکل میڈیسن میں میڈیکل انٹیلیجنٹ روبوٹس کے جدید استعمال پر مرکوز ہے جس کا مقصد پاکستان کے طبی و صحت کے نظام کی ترقی میں معاونت فراہم کرنا ہے۔ مفاہمتی یادداشت پر ڈاکٹر ضیاءالدین ہسپتال کی  سے ڈاکٹر انوپ کمار داوانی اور شینزن وی بانگ ٹیکنالوجی کے ڈپٹی جنرل منیجر مسٹر ڈینگ ہائی تائو نے دستخط کئے۔

اس موقع پر پاکستان اور چین کے درمیان 75 سالہ دوستی پر مبنی ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔ تقریب میں وزیرِ اعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی برائے سرمایہ کاری و پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ منصوبہ جات سید قاسم نوید قمر، چیف سیکرٹری سندھ علی حسن بروہی اور چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی بھی موجود تھے۔