وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز کا دورہ

5

اسلام آباد،یکم مئی ( اے پی پی): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا اور ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز اور ایف آئی اے اکیڈمی کی اپ گریڈیشن پراجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔

انہوں نے جاری تعمیراتی سرگرمیوں کو اعلی معیار کے مطابق جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور نے وزیر داخلہ کو اپ گریڈیشن پراجیکٹ پر بریفنگ دی۔

‎وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز میں اجلاس بھی کنعقد ہوا ،اجلاس میں ایف آئی اے کو مزید مؤثر، فعال اور عوام دوست ادارہ بنانے کیلئے اصلاحات پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ سال کے اختتام تک ایف آئی اے کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہمارا ہدف ہے۔ انہوں نے ادارے کی استعداد کار بڑھانے کیلئے انفراسٹرکچر، ٹیکنالوجی اور افرادی قوت کو بہتر بنانے پر زور دیا۔

محسن نقوی نے نئی بھرتیوں کے عمل میں میرٹ اور شفافیت کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد پولیس اور دیگر اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔