ملتان ،01مئی(اے پی پی):: صوبائی وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے ملتان کا دورہ کیا ہےاورصوبائی وزیر نے مدر اینڈ کیئر ہسپتال اور کینسر یونٹ کے زیر تعمیر منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران سیکرٹری اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن عظمت محمود اور دیگر حکام بھی موجود تھے جنہوں نے جاری منصوبوں پر بریفنگ دی۔اس موقع پر وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی و دیگر فیکلٹی ممبران بھی موجود تھے۔
صوبائی وزیر صحت نے مدر اینڈ کیئر ہسپتال کے مخلتف شعبوں کا معائنہ کیا اور جاری پیش رفت کا جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر کہا کہ مدر اینڈ کیئر ہسپتال جنوبی پنجاب کیلئے تحفہ اور انقلابی منصوبہ ہے۔ 200 بستروں پر مشتمل مدر اینڈ چائلڈ کیئر ہسپتال میں جدید گائنی و زچہ و بچہ کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
منصوبے پر اب تک 956 ملین روپے خرچ ہو چکے جبکہ مزید 750 ملین روپے فنڈز کی منظوری طلب کی گئی ہے۔ ہسپتال کی تکمیل سے جنوبی پنجاب کی ہزاروں خواتین کو ان کی دہلیز پر صحت کی معیاری سہولیات میسر آئیں گی، منصوبے کو مقررہ ڈیڈ لائن کے اندر ہر صورت مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
۔ خواجہ سلمان رفیق نے نشتر ہسپتال میں پیٹ سکین اینڈ کینسر یونٹ کا بھی دورہ کرکے پیش رفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ جنوبی پنجاب کا پہلا جدید پیٹ سکین یونٹ، کینسر کے مریضوں کیلئے بڑی سہولت ہے۔ پیٹ سکین یونٹ کی تکمیل سے کینسر کے مریضوں کو دوسرے شہروں کے چکر نہیں لگانے پریں گے۔ سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن عظمت محمود نے اس موقع پر کہا کہ متعلقہ حکام کو کام کی رفتار مزید تیز کرنے اور معیار یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
صحت کے شعبے میں بہتری پر خصوصی فوکس ہے۔ جنوبی پنجاب کیلئے اربوں روپے کے ترقیاتی فنڈز جاری کئے گئے ہیں۔ ہسپتالوں اور بنیادی مراکز صحت کی اپ گریڈیشن کا عمل تیز کردیا گیا ہے۔ صحت کے بڑے منصوبوں کی تکمیل سے جنوبی پنجاب میں احساس محرومی ختم ہوگا۔
افسران کی جانب سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے 100 بستروں پر مشتمل کینسر ہسپتال کے مکمل فنڈز فراہم کئے گئے۔ صوبائی وزیر نے فرسٹ، سیکنڈ اور تھرڈ فلور کا معائنہ کیا اور فنشنگ ورک پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کینسر ہسپتال اور پیٹ سکین پراجیکٹس کو مقررہ ڈیڈ لائن تک مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
پیٹ سکین و سائیکلوٹرون مشین کی سول ورک مکمل ہے جبکہ مشینری انسٹال ہو چکی ہے۔ صرف دو کمپوننٹس ہاٹ سیل اور ایلیویٹرز کی تنصیب ہونا باقی ہے۔ ہاٹ سیل دبئی پورٹ پر موجود ہے جس کی 15 مئی 2026 تک تنصیب جبکہ ایلیویٹرز کراچی پورٹ پر موجود ہیںں جن کی تنصیب 10 مئی 2026 تک ممکن ہو جائے گی۔











