لاہور، 28 مئی (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر مثالی انتظامات اور ’’ستھرا لاہور‘‘ مشن کے تحت قائم مرکزی کنٹرول روم کا دورہ کیا۔
اس موقع پر ڈی جی ستھرا پنجاب اتھارٹی اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر لاہور کو کنٹرول روم میں جاری مانیٹرنگ کے عمل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ 11 مختلف محکموں کے افسران اور عملہ مشترکہ طور پر فرائض سرانجام دے رہے ہیں جبکہ کنٹرول روم کو پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے کیمروں سے بھی منسلک کیا گیا ہے، جس کے ذریعے شہر بھر میں صفائی اور دیگر انتظامات کی لائیو مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔
ڈی سی لاہور کو بتایا گیا کہ عید کے پہلے روز موصول ہونے والی تمام شکایات کو فوری طور پر حل کر دیا گیا جبکہ شہر بھر سے 130 غیر قانونی مویشی منڈیوں کا خاتمہ بھی یقینی بنایا گیا ہے، صفائی سے متعلق شکایات پر فوری ایکشن لیتے ہوئے مسائل حل کیے جا رہے ہیں اور عید کے دوسرے روز بھی فیلڈ آپریشنز کی ڈیجیٹل نگرانی جاری ہے۔
ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے ہدایت کی کہ شہر کے گلی محلوں سے آلائشوں کی فوری منتقلی یقینی بنائی جائے اور قربانی کے بعد پیدا ہونے والے تعفن کے خاتمے کے لیے باقاعدگی سے سپرے کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ کنٹرول روم میں موصول ہونے والی ہر شکایت پر فوری کارروائی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے باعث فیلڈ کارکردگی مزید مؤثر ہو رہی ہے اور صفائی کے حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام سرکاری محکمے ایک ٹیم کی صورت میں کام کر رہے ہیں تاکہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ’’ستھرا پنجاب‘‘ وژن کو عملی جامہ پہنایا جا سکے۔











