عیدالاضحیٰ پر مثالی صفائی کیلئے جامع پلان تشکیل، امن کمیٹی اور تاجر برادری بھی متحرک

10

ملتان23 ،مئی(اے پی پی )َ:لضلعی انتظامیہ اور ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہر میں مثالی صفائی انتظامات یقینی بنانے کیلئے جامع پلان تشکیل دے دیا۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کی زیر صدارت ضلعی امن کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ایس ایس پی آپریشنز محمد حیدر، منیجنگ ڈائریکٹر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ذوالفقار احمد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل راشد محمود، علماء کرام، تاجر برادری اور امن کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔اجلاس میں عالم دین قاری محمد حنیف جالندھری، خاور بھٹہ، مہر شاہد عباس، بشارت قریشی، یعقوب شیرا، میاں آفاق انصاری اور مفتی محمد عثمان پسروری بھی شریک ہوئے۔ اجلاس کے دوران عیدالاضحیٰ صفائی پلان اور محرم الحرام انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے کہا کہ شہریوں کو عیدالاضحیٰ کے موقع پر صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام میں صفائی سے متعلق شعور اجاگر کرنے میں امن کمیٹی کا کردار نہایت اہم ہے اور علماء کرام و تاجر برادری اس مہم میں بھرپور تعاون کریں۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ویسٹ بیگز کی فراہمی کیلئے شہر بھر میں خصوصی کیمپس اور فلاور گیٹس قائم کیے جائیں گے جبکہ چونا، فینائل اور فیس ماسک کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے خصوصی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ آلائشوں کی بروقت تلفی کیلئے خندقوں کی کھدائی اور ڈمپنگ پوائنٹس کی تیاری کا عمل بھی شروع کردیا گیا ہے۔سی ای او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ذوالفقار احمد نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اجتماعی قربان گاہوں پر خصوصی فوکس کیا جائے گا جبکہ صفائی عملہ اور مشینری تعینات رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ اندرون شہر علاقوں کیلئے خصوصی صفائی پلان تشکیل دیا گیا ہے اور گلی محلوں میں فوری صفائی آپریشن کیا جائے گا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ محرم الحرام کے سلسلے میں بھی انتظامات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور جلوس و مجالس کے روٹس کی انسپکشن شروع ہو چکی ہے۔ سیوریج اور صفائی کے مسائل فوری حل کرنے کیلئے متعلقہ اداروں کو متحرک کر دیا گیا ہے جبکہ قبرستانوں کی صفائی اور راستوں پر تجاوزات کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا بھی فیصلہ کیا گیا۔