عیدالاضحیٰ کے موقع پر صفائی ستھرائی کے مثالی انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ اور ستھرا پنجاب پروگرام کی ٹیمیں مکمل طور پر متحرک ہیں، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ

9

سیالکوٹ، 23 مئی ( اے پی پی) : ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی نے کہا ہے کہ اس عید الضحیٰ پر آلائشیں سڑکوں، گلیوں اور کھلے مقامات پر پھینکنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 50 ہزار روپے تک جرمانے عائد کئے جائیں گے۔

یہ بات ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے عید الضحیٰ پر صفائی انتظامات کے حوالے سے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر صفائی ستھرائی کے مثالی انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ اور ستھرا پنجاب پروگرام کی ٹیمیں مکمل طور پر متحرک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب کی ٹیمیں گھر گھر جا کر قربانی کی آلائشیں اٹھائیں گی تاکہ شہریوں کو بروقت اور بہتر صفائی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ صفائی عملے کے ساتھ تعاون کریں اور آلائشیں مقررہ مقامات پر رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ شہری صفائی سے متعلق شکایات یا معلومات کیلئے ہیلپ لائن نمبر 1718، 1139 اور 0529250011 پر رابطہ کر سکتے ہیں، جہاں ستھرا پنجاب کی ٹیم فوری کارروائی کرے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع بھر میں شہریوں میں 3 لاکھ ماحول دوست پلاسٹک بیگز تقسیم کئے جائیں گے تاکہ آلائشوں کو محفوظ طریقے سے تلف کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں 209 خندقیں کھودی گئی ہیں جہاں قربانی کی آلائشیں سائنسی انداز میں دفن کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے 5086 اہلکاروں کے علاوہ 357 اضافی ورکرز بھی عید کے دنوں میں خصوصی ڈیوٹی سرانجام دیں گے جبکہ ہر تحصیل میں انفورسمنٹ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو صفائی انتظامات کی نگرانی کریں گی۔

ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کے مختلف ادارے مشترکہ طور پر مانیٹرنگ کریں گے اور ہر شکایت کو دو گھنٹوں کے اندر حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ صفائی کو اپنی اجتماعی ذمہ داری سمجھیں اور سماجی رویوں میں بہتری لاتے ہوئے تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں تاکہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر صاف ستھرا اور صحت مند ماحول برقرار رکھا جا سکے۔