قومی اسمبلی اجلاس، ہیپاٹائٹس سی اسکریننگ کیلئے 1000 کاؤنٹرز قائم کرنے کا اعلان، 6 اہم بل منظور

14

اسلام آباد،13 مئی (اے پی پی): قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر سرفار ایاز صافق کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں اجلاس  منعقد ہوا۔

وزیر صحت مصطفی کمال نے  وقفہ سوالات  میں  ایوان کو آگاہ کیا کہ ملک بھر میں ہیپاٹائٹس سی کی اسکریننگ کے لیے 1000 کاؤنٹرز قائم کیے جائیں گے، جن میں صوبائی حکومتیں بھی حصہ لیں گی۔

وفاقی دارالحکومت میں اس وقت 12 تشخیصی کاؤنٹرز موجود ہیں۔ انہوں نے ایچ پی وی ویکسینیشن مہم کی کامیابی پر اطمینان کا اظہار کیا، جو لڑکیوں کو سروائیکل کینسر سے بچانے کے لیے شروع کی گئی تھی۔وزیر توانائی اویس لغاری نے توجہ دلاؤ نوٹس کے جواب میں کہا کہ حکومت بجلی کی پیداوار میں مقامی وسائل کے استعمال کو ترجیح دے رہی ہے۔

 گزشتہ مالی سال میں 74 فیصد بجلی مقامی ذرائع سے پیدا ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ درآمدی کوئلے کے پلانٹس کو تھر کوئلے پر منتقل کرنے کی اسٹڈی مکمل ہو چکی ہے اور یہ قابل عمل ہے۔ اویس لغاری نے کہا کہ حکومت قابل تجدید توانائی کی حوصلہ شکنی نہیں کر رہی، سولر نیٹ میٹرنگ صارفین کی تعداد بڑھ رہی ہے اور نئی پراسومر ریگولیشنز سرمایہ کاری کے لیے پرکشش ہیں۔ موجودہ صارفین کی سرمایہ کاری اور شرائط محفوظ ہیں۔ایوان میں پاکستان ایئر سیفٹی انویسٹی گیشن ترمیمی بل 2026 اور کسٹمز ترمیمی بل 2026 پیش کیے گئے۔

قومی اسمبلی نے 6 بل منظور کیے، جن میں پاکستان نرسنگ اینڈ مڈوائفری کونسل بل 2026، نیٹنگ آف فنانشل ارینجمنٹس بل 2026، ایکسپورٹ امپورٹ بینک آف پاکستان ترمیمی بل 2026، فنانشل ریسپانسبیلٹی اینڈ ڈیبٹ لمیٹیشن ترمیمی بل 2026، اسپیشل اکنامک زونز ترمیمی بل 2026 اور اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری کونڈومینیم اونرشپ اینڈ مینجمنٹ بل 2026 شامل ہیں۔

ایوان کا اجلاس کل صبح 11 بجے دوبارہ ہوگا۔