قومی اسمبلی قرارداد کی منظوری، چین سے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر مبارکباد

5

اسلام آباد ،20مئی(اے پی پی):قومی اسمبلی نے آج چین کے ساتھ سفارتی تعلقات کے قیام کے 75 سال مکمل ہونے پر حکومت اور عوام چین کو دلی مبارکباد پیش کرنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی۔

وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد میں اعتماد کا اظہار کیا گیا کہ پاک چین دوستی آنے والی دہائیوں میں بھی اسی جوش و خروش سے فروغ پاتی رہے گی۔ ایوان نے ہر موسم کی اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ سے غیر متزل وابستگی کا اعادہ کرتے ہوئے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا اور وسیع کرنے کے لیے پاکستانی پارلیمان کی مسلسل حمایت کا عہد کیا۔

قرارداد میں چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے لیے بھرپور حمایت کا اظہار کرتے ہوئے ایوان نے سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے قانون سازی کے عزم کا اعلان کیا تاکہ عوام پاکستان کو اس کے ثمرات حاصل ہوں۔

ایوان نے قومی اسمبلی اور چینی نیشنل پیپلز کانگریس کے درمیان پارلیمانی سفارتکاری اور قانون سازی کے تعاون کو دوطرفہ تعلقات کا ناگزیر ستون قرار دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ 75 سال پاکستان اور چین کے درمیان اس سے بھی زیادہ مضبوط، متحرک اور باہمی طور پر فائدہ مند تعلقات کا مشاہدہ کریں گے، جو دونوں عوام کی امن، ترقی اور خوشحالی کی مشترکہ خواہشات پر مبنی ہوں گے۔

دریں اثنا، چینی نیشنل پیپلز کانگریس کے وائس چیئرمین تسائی دافینگ کی سربراہی میں چینی وفد نے آج قومی اسمبلی کی کارروائی کا مشاہدہ کیا۔ اسپیکر سردار ایاز صادق نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا، جس پر حکومتی و اپوزیشن بنچوں کی جانب سے میزیں بجائی گئیں۔

اسپیکر نے کہا کہ چینی پارلیمانی وفد کا دورہ پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کی تقریبات کے ساتھ موافق ہے۔ انہوں نے تسائی دافینگ کو تعلیم اور عوامی خدمات میں نمایاں خدمات کے لیے مشہور ماہر تعلیم قرار دیا۔

وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ چین سے ہماری دوستی دنیا کے لیے مثال ہے، جو اعتماد، ثابت قدم حمایت اور ایک دوسرے کی خودمختاری و بنیادی مفادات کے مکمل احترام پر قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دوستی وقت اور حالات کی کسوٹی پر پوری اتری ہے اور کبھی متزل نہیں ہوئی۔

قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پاکستان اور چین بہترین دوست ہیں، اور یہ تعلق ہمالیہ سے بلند اور سمندروں سے گہرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام چین کی جانب سے پاکستان کو دی جانے والی حمایت کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔

سید نوید قمر نے کہا کہ پاکستان چین تعلقات دونوں جانب کی حکومتوں اور قیادت کی مسلسل کاوشوں سے دہائیوں کے دوران مضبوط ہوئے ہیں۔

بعد ازاں ایوان کو بتایا گیا کہ کراچی کا کے فور واٹر پروجیکٹ رواں سال کے آخر تک مکمل ہو جائے گا۔ وزیر برائے آبی وسائل محمد معین وٹو نے سید امین الحق اور دیگر کی جانب سے پیش کی گئی توجہ دلاؤ نوٹس کے جواب میں کہا کہ اس منصوبے پر اب تک 94.67 ارب روپے خرچ کیے جا چکے ہیں۔ایوان کی کارروائی اب جمعہ کو صبح 11 بجے تک ملتوی کر دی گئی۔