لبرٹی چوک میں “معرکۂ حق” جشنِ فتح کنسرٹ، ملی جوش و جذبے کا شاندار مظاہرہ

16

لاہور، 9 مئی (اے پی پی): سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے لبرٹی چوک میں منعقدہ “معرکۂ حق” جشنِ فتح کنسرٹ میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جہاں شہریوں، نوجوانوں، بچوں اور خاندانوں کی بڑی تعداد نے بھرپور شرکت کرکے وطن سے محبت کا عملی مظاہرہ کیا۔ کنسرٹ کے دوران “ہم ہیں بنیان المرصوص” کے قومی جذبے سے سرشار شرکاء نے پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے جبکہ ملی نغموں اور وطن سے محبت کے ترانوں نے ماحول کو حب الوطنی کے رنگوں سے بھر دیا۔ ڈی جے نمرہ مہرا، ساحر علی بگھا اور ائمہ بیگ کی شاندار پرفارمنس نے شرکاء کا جوش مزید بڑھا دیا۔ فنکاروں نے اپنی پرفارمنس کے ذریعے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور قیامِ پاکستان سے استحکامِ پاکستان تک کی داستان موسیقی کے انداز میں بیان کی۔ لبرٹی چوک قومی پرچم کے رنگوں سے سجا رہا جبکہ شاندار آتش بازی اور قومی نغموں نے جشن کو یادگار بنا دیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ “معرکۂ حق” کنسرٹ کا مقصد دنیا کو یہ پیغام دینا ہے کہ پاکستانی قوم متحد، باوقار اور ناقابلِ شکست ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم “بنیان المرصوص” بن کر ہر سازش اور جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی غیرمعمولی شرکت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستانی قوم زندہ تھی، زندہ ہے اور ہمیشہ زندہ رہے گی۔ تقریب قومی اتحاد، شہداء سے عقیدت اور روشن مستقبل کے عزم کی خوبصورت تصویر بن گئی، جہاں شرکاء نے قومی پرچم لہرا کر افواجِ پاکستان اور شہداء کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔