لودھراں: ڈپٹی کمشنر محمد اشرف کا مین بازار کا دورہ، بیوٹیفکیشن اور تعمیراتی کاموں کا جائزہ

10

لودھراں , 09 مئی )اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر لودھراں محمد اشرف نے شہر کے مین بازار کا دورہ کرتے ہوئے جاری ترقیاتی اور بیوٹیفکیشن منصوبوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مختلف تعمیراتی سائٹس کا جائزہ لیا اور جوائنٹ اتھارٹی کے تحت ہونے والے بیوٹیفکیشن ورک میں استعمال ہونے والے میٹریل کے معیار کو چیک کیا۔ڈپٹی کمشنر نے تاجروں اور دکانداروں سے ملاقات کرتے ہوئے بازار کی تزئین و آرائش کے حوالے سے ان کی آراء بھی حاصل کیں۔ انہوں نے کہا کہ تعمیراتی کاموں میں معیاری میٹریل کے استعمال کو یقینی بنایا جائے اور عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترقیاتی کاموں کی رفتار مزید تیز کی جائے تاکہ شہریوں کو جلد ریلیف فراہم کیا جا سکے۔محمد اشرف نے کہا کہ بیوٹیفکیشن منصوبے کے ذریعے مین بازار کو ماڈل بازار بنایا جا رہا ہے، جس کیلئے تاجروں اور شہریوں کا تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ میونسپل کمیٹی اور ضلع کونسل کے تحت قائم جوائنٹ اتھارٹی معیاری تعمیراتی کاموں کو یقینی بنانے کیلئے متحرک کردار ادا کر رہی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے دکانداروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنا سامان اپنی حدود تک محدود رکھیں اور تجاوزات سے گریز کریں، بصورت دیگر خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو مین بازار کے تعمیراتی کاموں کی باقاعدہ رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔