معرکہ حق کی تاریخی کامیابی کو ایک سال مکمل، پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے؛پروفیسر ڈاکٹر کنول امین

13

فیصل آباد، 06 مئی (اے پی پی): گورنمنٹ کالج وومن یونیورسٹی فیصل آباد کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین نے کہا ہے کہ معرکہ حق کی تاریخی کامیابی کو ایک سال مکمل ہو چکا ہے اور یہ کامیابی آج بھی قوم کے حوصلے، اتحاد اور عزم کی روشن علامت کے طور پر یاد کی جا رہی ہے۔

اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں پاکستان کی شاندار فتح، بہادر افواج، قومی قیادت اور بالخصوص فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی مدبرانہ قیادت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی محض عسکری فتح نہیں بلکہ پاکستان کی طاقت، خودمختاری اور ناقابل تسخیر دفاع کی واضح دلیل ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر کنول امین نے کہا کہ افواج پاکستان نے نہایت پیشہ ورانہ مہارت، حکمت عملی اور غیر متزلزل عزم کے ساتھ دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا اور دنیا کو یہ پیغام دیا کہ پاکستان اپنے دفاع پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرتا۔

انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں افواج پاکستان نے جس جرأت، بصیرت اور تدبر کا مظاہرہ کیا وہ قومی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ قیادت نہ صرف میدان جنگ میں کامیاب رہی بلکہ اس نے پوری قوم کو نیا حوصلہ، اعتماد اور اتحاد بھی عطا کیا۔

وائس چانسلر نے کہا کہ یہ کامیابی ایک مشترکہ قومی فتح ہے جس میں افواج پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، قیادت کی دوراندیشی اور حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں نے کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اس کامیابی پر فخر محسوس کرتی ہے اور اپنی افواج کی شکر گزار ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی ادارے، اساتذہ، طلبہ اور خواتین بھی اس قومی کامیابی پر افواج پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔

پروفیسر ڈاکٹر کنول امین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو مزید ترقی، استحکام اور سلامتی عطا فرمائے اور افواج پاکستان کو ہر میدان میں کامیاب کرے۔