اسلام آباد،06 مئی(اے پی پی): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سملی ڈیم کا تفصیلی دورہ کیا اور ڈیم کی توسیع کے حوالے سے بریفنگ لی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ سملی ڈیم اسلام آباد کو 40 فیصد پانی فراہم کرتا ہے۔وزیر داخلہ نے ڈیم کی توسیع کے لیے قابل عمل پلان طلب کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے شہر کو وافر مقدار میں پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ توسیعی منصوبے کے لیے جامع پلان جلد تیار کر کے پیش کیا جائے۔
محسن نقوی نے ڈیم کے اطراف کے علاقے کا جائزہ لیتے ہوئے تفریحی سرگرمیوں کے فروغ اور ڈویلپمنٹ کا پلان بھی طلب کیا۔ انہوں نے کہا کہ سملی ڈیم سے متصل علاقے میں تفریحی سرگرمیوں کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ واٹر سپورٹس اور دیگر سرگرمیوں کے فروغ سے علاقے میں ترقی ہوگی، مقامی لوگوں کو روزگار کے مواقع ملیں گے اور شہریوں کو عالمی معیار کی تفریحی سہولیات میسر آئیں گی۔
اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے، آئی جی اسلام آباد پولیس اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔











