معرکہ حق کی پہلی سالگرہ، چیئرمین علماء کونسل کا افواج پاکستان کو زبردست خراج تحسین

17

فیصل آباد، 3 مئی(اے پی ): معرکہ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر پوری قوم ایک بار پھر سیسہ پلائی دیوار کی مانند افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،کیونکہ اس عظیم فتح نے نہ صرف دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کے وقار کو بھی نئی بلندیوں تک پہنچا دیا۔

چیئرمین علماء کونسل پاکستان صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے اپنے خصوصی بیان میں کہا ہے کہ معرکہ حق میں پاکستان کی تاریخی کامیابی اللہ تعالیٰ کی خصوصی نصرت کا مظہر ہے اور یہ افواج پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت، جرأت اور بہادری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مئی کے ان مقدس ایام میں قوم کو جو فتح نصیب ہوئی وہ نہ صرف عسکری برتری بلکہ قومی یکجہتی اور ایمان کی قوت کا بھی عملی اظہار ہے۔

انہوں نے قرآن کریم کی آیت مبارکہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ(اِنَّ اللّٰہَ یُحِبُّ الَّذِیْنَ یُقَاتِلُوْنَ فِیْ سَبِیْلِہٖ صَفًّا کَاَنَّہُمْ بُنْیَانٌ مَّرْصُوْص)

یعنی اللہ تعالیٰ ان لوگوں سے محبت کرتا ہے جو اس کی راہ میں صف بستہ ہو کر اس طرح لڑتے ہیں گویا وہ سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہیں۔

یہی وہ جذبہ تھا جس نے قوم کو متحد کیا اور یہی وہ عزم تھا جس نے دشمن کو فیصلہ کن شکست سے دوچار کیا۔

صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا کہ دشمن کے حملے کے جواب میں افواج پاکستان نے فجر کے مقدس لمحات میں ایسی حکمت عملی کے ساتھ کارروائی کی جس نے دشمن کو عبرتناک انجام تک پہنچایا۔ انہوں نے اس کامیابی کا سہرا فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی مدبرانہ قیادت اور افواج پاکستان، خصوصاً پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے سر باندھا۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن“بنیان مرصوص”نے دنیا پر واضح کر دیا کہ پاکستان کی دفاعی صلاحیت ناقابل تسخیر ہے اور ملک کی سرحدوں کی حفاظت ہر قیمت پر یقینی بنائی جائے گی۔ دشمن اگر کسی بھی سمت سے جارحیت کی کوشش کرے گا تو اسے ہمیشہ منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

معرکہ حق صرف ایک فوجی کامیابی نہیں تھی بلکہ یہ پوری قوم کی اجتماعی قوت، اتحاد اور حب الوطنی کا مظہر تھی۔

چیئرمین علماء کونسل پاکستان نے کہا کہ پوری دینی قیادت، علماء کرام اور عوام الناس اس عظیم کامیابی پر افواج پاکستان کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے عسکری قیادت کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو اپنی بہادر افواج پر فخر ہے جنہوں نے ہر محاذ پر وطن عزیز کا دفاع ناقابل شکست انداز میں یقینی بنایا۔

انہوں نے کہا کہ مساجد، مدارس، منبر و محراب سے ہمیشہ افواج پاکستان، سکیورٹی فورسز اور ریاست کے استحکام کے لیے دعائیں کی جاتی رہی ہیں، اور آج بھی یہی سلسلہ پوری قوت کے ساتھ جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ جمعۃ المبارک کے اجتماعات، دینی مراکز اور عوامی محافل میں بھی وطن عزیز کی سلامتی اور افواج کی کامیابی کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا جاتا رہا ہے۔یہ دعائیں، یہ یکجہتی اور یہ قومی جذبہ ہی پاکستان کی اصل طاقت ہیں۔

صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت کی پالیسیوں کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ ریاستی قیادت نے دانشمندانہ فیصلوں کے ذریعے نہ صرف قومی سلامتی کو یقینی بنایا بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت تشخص کو بھی اجاگر کیا۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا کردار، خصوصاً ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی اور مذاکراتی عمل میں اس کی مثبت سفارتی کوششیں اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور توازن کے قیام کے لیے کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ یہ وہ لمحہ ہے جب قوم ماضی کی کامیابیوں کو یاد کرتے ہوئے مستقبل کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کی فتح کو ایک سال مکمل ہونے پر پوری قوم اس عہد کی تجدید کرتی ہے کہ جس طرح گزشتہ سال دشمن کے مقابلے میں متحد ہو کر کھڑی تھی، اسی طرح آئندہ بھی ہر داخلی و خارجی چیلنج کا مقابلہ یکجہتی کے ساتھ کیا جائے گا۔

انہوں نے زور دیا کہ ملک کے اندرونی انتشار اور تقسیم کو ختم کر کے قومی یکجہتی کو مزید فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ تمام مکاتب فکر، مذاہب، سیاسی و سماجی طبقات اور قومی اداروں کو ایک پیج پر آ کر پاکستان کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

آج کا پاکستان”بنیان مرصوص“ کی عملی تصویر ہے، ایک ایسی قوم جو متحد ہے، مضبوط ہے، اور اپنے دفاع کے لیے ہر وقت تیار ہے۔

صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا کہ علماء کرام کی دعائیں ہمیشہ ریاست پاکستان، اس کے استحکام، ترقی اور افواج پاکستان کی سربلندی کے لیے جاری رہیں گی۔معرکہ حق کی یہ سالگرہ صرف ایک یاد نہیں، بلکہ ایک پیغام ہے، اتحاد کاپیغام، ایمان کاپیغام، اور اس عزم کا کہ پاکستان ہمیشہ قائم و دائم رہے گا اور اس کی حفاظت کے لیے پوری قوم سیسہ پلائی دیوار بنی رہے گی۔