ہمارے شہداء، ہمارا افتخار، لانس نائیک دلاور خان شہید کی لازوال قربانی کو خراج تحسین

14

اسلام آباد،3مئی  (اے پی پی): معرکۂ حق کو ایک سال مکمل ہونے پر لانس نائیک دلاور خان شہید کی عظیم قربانی کو خراجِ تحسین پیش کرنے کیلئے عوامی نمائندوں نے کوہاٹ میں ان کے گھر کا دورہ کیا، جہاں شہید کے اہلِ خانہ کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے ان کی قربانی کو قومی فخر قرار دیا گیا۔ ایم پی اے میجر (ر) سجاد بارکوال اور ایم پی اے داؤد آفریدی نے کوہاٹ میں لانس نائیک دلاور خان شہید کے گھر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے شہید کے بھائی سے ملاقات کی، اظہارِ تعزیت کیا اور شہید کے درجات کی بلندی کیلئے دعا بھی کی۔

لانس نائیک دلاور خان گزشتہ سال مئی میں بھارتی جارحیت کے دوران سرحد پر فرائض سر انجام دیتے ہوئے دشمن کی گولہ باری کی زد میں آ کر شہید ہوگئے تھے ۔

ایم پی اے سجاد بارکوال کا شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہنا تھا کہ شہداء کی قربانیوں سے قوم آج امن اور سکون کی نیند سوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی دفاع کیلئے پاک فوج کے جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے، دلاور خان شہید نے ثابت کر دیا کہ پاک افواج ہر محاذ پر دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بنی ہوئی ہیں ۔