معرکہ حق کے ایک سال مکمل ہونے پر سید محمد علی شاہ کا پاک افواج کو زبردست خراجِ تحسین

11

اسلام آباد، 05 مئی ( اے پی پی): معرکہ حق کو ایک سال مکمل ہونے پر طالب علم محمد علی شاہ نے پاک افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جرات کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ اے پی پی  کے ساتھ ایک خصوصی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ اس معرکے نے عالمی سطح پر یہ ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے اور ہم اپنی سرحدوں کی حفاظت کرنا بخوبی جانتے ہیں۔

سید محمد علی شاہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت ہمیشہ سے پاکستان کو گیدڑ بھبکیاں دیتا رہا ہے، لیکن معرکہ حق میں پاک فضائیہ اور مسلح افواج نے جس طرح دشمن کے غرور کو خاک میں ملایا، وہ تاریخ کا ایک سنہرا باب بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کو ملنے والا یہ منہ توڑ جواب رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ معرکہ حق نے یہ واضح کر دیا کہ جنگیں صرف جدید ہتھیاروں کے بل بوتے پر نہیں، بلکہ پختہ ایمان اور بہترین پیشہ ورانہ مہارت سے جیتی جاتی ہیں۔ پاکستانی شاہینوں نے جس دلیری سے دشمن کا مقابلہ کیا، اس نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔

سید محمد علی شاہ نے معرکہ حق کے ایک سال مکمل ہونے پر پوری قوم کی جانب سے افواجِ پاکستان کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری افواج ہر قسم کی اندرونی و بیرونی جارحیت کا جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی سلامتی پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی اور قوم اپنے محافظوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔