ہری پور، 6 0مئی (اے پی پی): رہنما مسلم لیگ )ن( قاضی اسد نے معرکۂ حق کی مناسبت سے اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج کی کارکردگی تمام عالمِ اسلام کے لیے باعثِ فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ بالخصوص گزشتہ سال معرکۂ حق میں بنیان المرصوص کے تحت دیا گیا جواب پاکستان کے وقار میں اضافے کا سبب بنا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا طاقتور اور خودمختار قوموں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، ایک بڑے ملک کے مقابلے میں، جس کا بجٹ کئی گنا زیادہ تھا، پاکستان نے نہ صرف جنگ میں برتری حاصل کی بلکہ فضائی مہم جوئی میں بھی کامیابی سمیٹی۔
قاضی اسد نے کہا کہ اس کامیابی کے بعد عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند ہوا ہے جبکہ مخالف ملک کا منفی پروپیگنڈا بھی دم توڑ گیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا آج پاک فوج کی صلاحیتوں کی معترف ہے جو پوری قوم کے لیے فخر کی بات ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس پیش رفت کے بعد پاکستان کی جانب سے امن اور جنگ بندی کی کوششیں بھی قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی اب فخر سے اپنے ملک کی شناخت ظاہر کر رہے ہیں جبکہ ماضی میں بعض افراد ایسا کرنے سے گریزاں تھے۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاک فوج کو مزید مضبوط کرے اور قوم کے درمیان اتحاد پیدا ہو تاکہ اختلافات ختم ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں قوم ہمیشہ اپنی فوج کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور یہ روایت آئندہ بھی برقرار رہے گی۔











